آئی پی ایل کے بعد پاکستان ہاکی کے مقابلوں سے بھی آؤٹ

ہاکی انڈیا نے پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہندوستان میں آ کر کھیلنے پر پابندی عائد کردی ہاکی فیڈریشن سے گزشتہ سال چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے پر معافی مانگنے کا مطالبہ

پیر 14 ستمبر 2015 19:16

آئی پی ایل کے بعد پاکستان ہاکی کے مقابلوں سے بھی آؤٹ

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) ہاکی انڈیا کے صدر نریندر بترا نے پاکستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہندوستان میں آ کر کھیلنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے گزشتہ سال چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھوبھنیشور میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم نے ہندوستان کو 4-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

پاکستانی ٹیم کی فتح پر اسٹیڈیم میں موجود ہندوستانی شائقین پر سکتہ طاری ہو گیا تھا جبکہ اس موقع پر پاکستانی کھلاڑیوں نے سجدہ ریز ہو کر شکر ادا کیالیکن اصل تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب فتح کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شرٹس اتار کر سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب لہرائیں جبکہ ایک دو کھلاڑیوں کی جانب سے صحافیوں اور تماشائیوں کی طرف نازیبا اشارے کیے گئے۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم کے اس رویے پر عالمی ہاکی تنظیم ایف آئی ایچ نے بھی سرزنش کی تھی جس پر پاکستانی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ نے معافی مانگ لی تھی۔پیر کو ہاکی انڈیا لیگ 2015 کی لانچ کے موقع پر نریندر بترا نے کہا کہ جب تک پاکستانی ہاکی فیڈریشن اس واقعے پر معافی نہیں مانگتی، اس وقت تک وہ ہاکی انڈیا لیگ میں شرکت نہیں کر سکتے، ابھی تک اس سلسلے میں پی ایچ ایف نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی صورتحال بھی ایسی نہیں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو کو کھیلنے کی اجازت دی جائے، پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں بہتری کی ضرورت ہے اور ہمیں پاکستانی کھلاڑیوں کی ایونٹ میں شرکت یقینی بنانے سے قبل ہندوستانی حکومت سے اجازت لینی ہو گی۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ہندوستان نے پاکستانی کھلاڑیوں پر کھیل کے دروازے بند کیے ہوں بلکہ اس سے قبل کرکٹ لیگ آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں پر لیگ میں شرکت کے دروزے بند کر دیے گئے۔

صرف یہ ہی نہیں بلکہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ سیاسی صورتحال کو ڈھال بنا کر پاکستان سے رواں سال دسمبر میں شیڈول کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کیلئے مختلف بہانے بنا رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں سیریز کے انعقاد کے امکانات انتہائی معدوم ہیں۔