جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لیے تیار ہوگئے

منگل 15 ستمبر 2015 11:14

جارح مزاج ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے لیے تیار ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیلنے پر رضامند ہوگئے ہیں . نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی نے کرس گیل کی پی ایس ایل میں شرکت کی تصدیق ہے . نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بورڈ حکام جارح مزاج بلے باز کرس گیل کے ساتھ کافی عرصے سے رابطے میں تھے اور ویسٹ انڈین سٹار کو پاکستان سپر لیگ میں لانے کے لیے بڑی محنت کی .

واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر موجود کرس گیل ٹونٹی ٹونٹی فارمیٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ 8224 رنز بناچکے ہیں جن میں ریکارڈ 16 سنچریاں اور 52 نصف سنچریاں شامل ہیں .

(جاری ہے)

سیٹھی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے مزید سپر سٹار کرکٹرز بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ ہوں گے اور اس سلسلے میں کچھ روز میں جنوبی افریقی اور آسٹریلوی کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آئیں گے .

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹونٹی کپتان ڈیرن سیمی ، کیرن پولارڈ ، ڈوین براوو سمیت کئی سپر سٹارز بھی آئندہ سال 4 سے 24 فروری تک قطر کے دارالحکومت دوحا میں کھیلی جانیوالی کرکٹ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں جبکہ رپورٹس کے مطابق سابق سری لنکن کرکٹر کمار سنگاکارا اور سابق برطانوی کپتان کیون پیٹرسن کو بھی پی ایس ایل میں شرکت پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں .

متعلقہ عنوان :