پاکستان سیریز ، انگلینڈ کو موزوں اوپنر کی تلاش میں مسائل کا سامنا

منگل 15 ستمبر 2015 13:00

پاکستان سیریز ، انگلینڈ کو موزوں اوپنر کی تلاش میں مسائل کا سامنا

مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) انگلش ٹیم کو اکتوبر، نومبر میں پاکستان کیخلاف یواے ای میں سیریزکیلیے موزوں اوپنر کی تلاش میں مسائل کا سامنا ہے جو کپتان الیسٹرکک کے ساتھ اننگز کی شروعات کرسکے ۔ ایشز میں فتح کے بعد آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں 2-3 سے ناکامی نے انگلش ٹیم کی پریشانیاں بڑھادی ہیں، ٹیسٹ سیریز میں ایڈم لیتھ کی ناکامی کے بعد ایلکس ہیلز کو ایک روزہ میچز صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا لیکن پوری سیریز میں وہ بدترین ناکامی کا شکار ہوئے، انھوں نے تمام پانچوں مقابلوں میں 10.60 کی اوسط سے محض 53 رنز ہی سکور کیے، اس سے قبل ٹیسٹ میچزمیں ایڈم لیتھ بھی بطور اوپنر 7 میچز میں صرف 20.38 کی اوسط سے رنز بناسکے تھے ۔

انگلش کوچ ٹریور بیلس نے تسلیم کیا کہ پاکستان سے آنے والی سیریز کیلیے کپتان الیسٹر کک کے پارٹنر کی تلاش انکے لیے گمبھیر مسئلہ بن چکی ہے ، انھوں نے کہا کہ سردست کوئی ایسا ایسا نہیں جو خود سامنے آکر یہ ذمے داری سنبھالے ، اگرچہ یہاں متعدد اچھے کھلاڑی ہیں، جنھوں نے اچھے سیزن گزارے لیکن میرے خیال میں 6 یا 7 سنچریاں بنانیو الا کوئی نہیں ہے کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو ہم اسے براہ راست ٹیم کا حصہ بنالیتے ۔

(جاری ہے)

بیلس نے الیکس ہیلز اور ایڈم لیتھ پر ٹیم کے دروازے بند ہوجانے کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بہت باصلاحیت ہیں اور کارکردگی کی بنیاد ہر ٹیم میں جگہ پانے کے مستحق ہیں، اس سے قبل معین علی کو بھی خلیجی میدانوں میں اوپنر بنانے کی بات منظرعام پر آئی تھی ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی اور وہاں کی سپن کے لیے سازگار وکٹوں کے پیش نظر انگلش ٹیم ایک اضافی سپنر کھلانے کی خواہشمند ہے، اگر ٹریور بیلس کسی بہتر اوپنر کی تلاش میں ناکام رہتے ہیں تو ممکنہ طور پر ان کا انتخاب معین علی ہوں گے جو اوپنر ہونے کے ساتھ ساتھ سپن بولنگ میں بھی ٹیم کیلیے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں ۔