ارب پتی بھارتی نے سابق امریکی قونصل خانہ خرید لیا

منگل 15 ستمبر 2015 13:09

ارب پتی بھارتی نے سابق امریکی قونصل خانہ خرید لیا

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء ) امریکی حکومت نے ممبئی میں ایک سابق مہاراجہ کا مینشن ’لنکن ہاوٴس‘ 105 ملین ڈالرز میں ایک بھارتی ارب پتی کو فروخت کردیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق انڈیا کے امیر ترین افراد میں شامل اور ویکسین تیار کرنے والے ’سیرم انسٹیٹیوٹ‘ کے بانی سائرس پونے والا نے ممبئی میں ساحل سمندر کے کنارے موجود اس مینشن کو اربوں روپے میں خریدا۔

1957 سے 2011 تک امریکی قونصل خانہ رہنے والے لنکن ہاوٴس کو ایک مقامی مہاراجہ سے خریدا گیا تھا ، جس نے ٹیکس ادا کرنے کیلئے اسے فروخت کیا۔سائرس کے بیٹے آدر پونے والا نے بتایا ’ ہم نے مارکیٹ کی صورتحال اور اچھی قیمت کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ مینشن خریدنے کا فیصلہ کیا‘۔’یہ ممبئی کے جنوب میں بہترین لوکیشن پر تاریخی ثقافتی پراپرٹی ہے، جس کی از سر نو ڈیزائنگ کی اجازت نہیں‘۔

(جاری ہے)

سیرم کے سی ای او آدر پونے والا نے بتایا کہ تمام ٹیکس ملانے کے بعد اس جائیداد کی کْل قیمت آٹھ ارب انڈین روپے ہے۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو مہینے بعد ملکیت ملنے کے بعد اسے پونے والا خاندان کی رہائش گاہ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔1938 میں ممبئی کے بریچ کینڈی علاقے میں دو ایکڑ پر پھیلی اس عمارت کو مہاراجہ کے دور میں ونکنیر محل کے نام سے جانا جاتا تھا۔امریکا نے 2011 میں ممبئی کے ایک اور علاقے میں اپنا قونصل خانہ منتقل کر دیا تھا۔ قونصل خانہ کے ایک ترجمان نے لنکن ہاوٴس کی فروخت کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

متعلقہ عنوان :