جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آگئے

منگل 15 ستمبر 2015 13:28

جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست آگئے

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر ون ڈے کے بہترین باولر بن گئے ہیں ، آئی سی سی کی تازہ ترین درجہ بندی میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے خاتمے پر ون ڈے کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ۔

سیریز میں شکست کے باوجود انگلش بلے بازوں این مورگن اور جیمز ٹیلر کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ دونوں نے بالترتیب 11 اور 29 درجے ترقی کی ہے تاہم ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے سے بہت دور ہیں ۔ فتح کے باوجود آسٹریلوی کھلاڑیوں کی رینکنگ گر گئی ہے ۔ ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست میں تو کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی تاہم باولرز میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک اور مچل جانسن کو 1،1 درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

(جاری ہے)

سٹارک پہلی سے دوسری جبکہ جانسن 7ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں ۔ سٹارک کی تنزلی کے باعث جنوبی افریقہ کے عمران طاہر باولرز میں پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں ۔ آسٹریلیا کے گلین میکس ویل فائدے میں رہے ہیں جو 1 درجہ ترقی کے ساتھ ٹاپ فائیو آل راونڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں ۔ پاکستان کے محمد حفیظ آل راونڈرز میں بدستور چوتھی اور سپنر سعید اجمل باولرز میں 8ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔ ٹیموں کی مجموعی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔