پاکستان میں آٹو انڈسٹری میں بہتری کی بہت گنجائش ہے ،نئی آٹو پالیسی جلد جاری کردی جائے گی،وفاقی وزیرصنعت غلام مرتضیٰ خان جتوئی

#/h#

منگل 15 ستمبر 2015 14:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ آٹو انڈسٹری کسی بھی ملک کی صنعتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے، بہت سی دیگر صنعتیں اس کی گود میں پلتی ہیں، پاکستان میں آٹو انڈسٹری میں بہتری کی بہت گنجائش ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم آٹو انڈسٹری میں بڑے بریک تھرو حاصل کرتے ہوئے پاکستان سے گاڑیوں اور پرزوں کی برآمدات کو ہدف بنائیں۔

کراچی میں پاک سوزوکی کے زیراہتمام ایک منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے حوالے سے گلوبلائزیشن کے نئے چیلنجز سے آگاہ ہے اور گاڑیوں کی صنعت میں نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے کے حوالے سے نہ صرف باخبر ہے بلکہ اس ضمن میں کوشاں بھی ہے، دور حاضر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نئی آٹو پالیسی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی تجارتی تنظیم کے اقدامات کے تحت جہاں ہمیں تجارتی گرانی کا سامنا ہے وہیں اس عمل سے تجارت کے نئے افق بھی کھل رہے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے وینڈرڈیولپمنٹ کے حوالے سے پاک سوزوکی کی جانب سے 40 ایکڑ اراضی مختص کرنے اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے سمیت دیگر کئی اقدامات کی تعریف بھی کی اور کہا کہ حکومت اس بات کی خواہاں ہے کہ ملکی آٹو انڈسٹری نہ صرف صارفین کی توقعات پر پورا اترے بلکہ گاڑیوں کی برآمدات کیلیے علاقائی حب کی حیثیت بھی اختیار کرے۔