چھٹا کبڈی ورلڈکپ ، سپورٹس بورڈ پنجاب کو بھارتی دعوت نامہ موصول ہوگیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 ستمبر 2015 15:08

چھٹا کبڈی ورلڈکپ ، سپورٹس بورڈ پنجاب کو بھارتی دعوت نامہ موصول ہوگیا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) چھٹے کبڈی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب کو بھارتی دعوت نامہ موصول ہوگیا ، نومبر میں ہونیوالے عالمی کپ میں شرکت کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی اجازت سے مشروط کردیا گیا ۔ پنجاب سپورٹس بورڈ کے ذرائع کے مطابق 15 نومبر سے 22 نومبر تک چار بھارتی پنجاب کے شہروں میں ہونیوالے کبڈی ورلڈکپ میں پاکستانی مرد اور خواتین ٹیموں کی شرکت کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ کو بھارتی پنجاب کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی پنجاب کے وزیرسکندر سنگھ ملوکا کی جانب سے آنے والے دعوت نامہ میں لکھا گیا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان مرد اور خواتین ٹیمیں بھیجے جب کہ ورلڈکپ سے قبل سکیورٹی انتظامات کیلئے ڈی جی سپورٹس بھارتی پنجاب کا دورہ بھی کریں ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سپورٹس بورڈ نے بھارتی پنجاب کی جانب سے ملنے والے دعوت نامہ کو وزیراعلیٰ ہاﺅس پہنچا دیا ہے اور ایونٹ میں شرکت کا فیصلہ میاں محمد شہباز شریف کی اجازت سے مشروط کردیا ہے ۔ کبڈی ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب جالندھر میں ہوگی جبکہ فائنل معرکہ فیروزپور میں کھیلا جائے گا ۔ ایونٹ میں 12ممالک کی مرد اور 10خواتین ٹیمیں شریک ہوں گی ۔