ہیڈ کوچ وقار یونس نے نچلی سطح پر کوچز کے مسائل حل کرنیکی ٹھان لی

منگل 15 ستمبر 2015 15:55

ہیڈ کوچ وقار یونس نے نچلی سطح پر کوچز کے مسائل حل کرنیکی ٹھان لی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15ستمبر ۔2015ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ریجن اور اکیڈمی کے کوچز کے مسائل کو حل کر کے پاکستان میں کوچنگ کے معاملات پروفیشنل انداز میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے انہوں نے گراس روٹ لیول پر ان کے مسائل حل کرنے کی ٹھان لی ہے ۔ وقار یونس کا کہنا ہے کہ اس سے نچلی سطح پر کام کرنے والے کوچز کے مسائل حل ہوں گے ۔

ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں پہلے سے بہتری نظر آئی ہے جب ڈومیسٹک کرکٹ بہتر ہوگی انٹر نیشنل کرکٹ خود بخود بہتر ہوتی جائے گی۔ اس سے قبل کسی ہیڈ کوچ نے انٹرنیشنل سے نیچے آکرسوچا نہیں ہے۔ نچلی سطح سے ہی پاکستان کا کرکٹر بن کر اوپر آتا ہے ۔ شعبہ انٹرنیشنل کرکٹ سے مل کر کوچز کے مسائل اور چھوٹے چھوٹے معاملات حل کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ایک انٹر ویو میں وقار نے کہا کہ انکے علاوہ مشتاق احمد، شاہد اسلم اور محمد اکرم راولپنڈی آکر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں ۔

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اور پاکستان سپر لیگ میں کھلاڑیوں کی شرکت اور کارکردگی بہت اہم ہوگی ۔ پاکستان سپر لیگ سے ملک ، کرکٹرز اور تمام سٹیک ہولڈرز کو فائدہ ہوگا ۔ ہمیں کئی اچھے کھلاڑی ملیں گے۔ نئے کھلاڑیوں کی جھجھک انٹر نیشنل کرکٹ میں آنے سے پہلے ختم ہوجائے گی ۔ پاکستان میں چھ سال سے انٹر نیشنل کرکٹ نہیں ہورہی، اس لیگ سے انٹر نیشنل کرکٹ کا خلا بھی پورا ہوگا جبکہ کھلاڑی اس سے انفرادی طور پر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل سے بھارتی کے مقامی کھلاڑی دولت مند ہوگئے ہیں ۔ جن بڑے کھلاڑیوں نے دس پندرہ سال دنیا میں اپنا نام بنایا ہے ۔ ہمارے نوجوانوں کو ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملے گا ۔ پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ میں انقلاب برپا کردے گا۔ وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری آنی چاہیے ۔ ہم انٹر نیشنل کرکٹ کو اہمیت دے دیتے ہیں لیکن جس فیکٹری سے ٹیلنٹ آرہا ہے اس کا خیال کرنا بہت ضروری ہے ۔