مالدیپ کے سرمایہ کار پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں،صدر ممنون

مالدیپ کے صدر کے دورہ میں طے پانیوالے معاہدوں پر پیشرفت کا جائزہ لیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کوفروغ دیا جاسکے،نامزد سفیرسے گفتگو

منگل 15 ستمبر 2015 17:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے مالدیپ کے سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھائیں۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے مالدیپ کے لیے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر وائس ایڈمرل ریٹائرڈ سید خاور علی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے صدر مملکت سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

صدر مملکت نے نامزد سفیرکو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اْمید ظاہر کی کہ ان کے تقرر کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔ صدر ممنون حسین نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ مالدیپ کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے مختلف معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو اس کی اصل صلاحیت پر لایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انھوں نے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔صدر مملکت نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے عوامی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور تربیت حاصل کرنے والے مالدیپ کے لوگوں سے رابطہ بڑھایا جائے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور انھیں مزید گہرا کرنے کے لیے مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون کو مزید بڑھایا جائے۔ `

متعلقہ عنوان :