عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے ذبح کرنے کے دوران مناسب مقامات کا انتظام کیا جائے ،محکمہ پبلک ہیلتھ سندھ

منگل 15 ستمبر 2015 18:30

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) محکمہ پبلک ہیلتھ سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے ذبح کرنے کے دوران مناسب جگہوں کا انتظام کیا جائے اور ان مخصوص جگہوں پر اسپرے کرانے کے انتظامات کیے جائیں جبکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور دیگر گند کچرے فوراً محلوں ، گلیوں اور دیگر جگہوں سے اٹھا کر شہر سے دور دفن کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے کیونکہ ان اقدامات کے نہ کرنے سے خونی بخار (کانگو) وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عید الضحی کے موقع پر قصائی اور قربانی کرنے والے افراد اپنے ارد گردکے ماحول اور خود کو صاف ستھرا رکھیں اور آلائشوں کو بروقت مناسب جگہوں پر منتقل کیا جائے اس سلسلے میں مقامی اداروں ، میونسپل اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے شہر بھر میں خونی بخار (کانگو)وائرس کے حوالے سے تمام تر انتظامات کی نگرانی کریں اور تمام علاقوں میں کامیاب منصوبہ کے ساتھ اسپرے اور حفاظتی انتظامات مکمل کریں ۔

متعلقہ عنوان :