`پشاور کپ ہاکی لیگ چیمپئن شپ پشاور ریڈ نے جیت لی `

منگل 15 ستمبر 2015 19:49

`پشاور کپ ہاکی لیگ چیمپئن شپ پشاور ریڈ نے جیت لی `

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) پشاورکپ ہاکی لیگ چیمپئن شپ لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورمیں اختتام پذیر ہوگئی ، فائنل میں پشاور ریڈ نے پشاور گرین کو تین دو سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، مہمان خصوصی سابق ورلڈ چیمپئن و صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے ۔ ان کے ہمراہ خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید ظاہر شاہ، پشاور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدرحاجی ہدایت، آیاز خان ، انٹر نیشنل کھلاڑی وکوچ یاسر اسلام اور ضیاء الرحمان بنوری سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاورپر دو ہفتے سے جاری پشاور کپ ہاکی لیگ چیمپئن شپ کا فائنل پشاور گرین اور پشاور ریڈ کے مابین کھیلاگیاجس میں دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن پشاور ریڈ جو کہ جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل تھا نے پشاور گرین جیسی مضبوط سینئر ٹیم کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، پشاور گرین کی طرف سے یاسراسلام اور اعجاز نے گول کئے جبکہ ریڈ کی طرف سے افراز ، جنید اور قیصر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔

(جاری ہے)

میچ میں ہارون الرشید اور ماسٹر خان نے ریفریز کے فرائض انجام دیئے۔ ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سید ظاہر شاہ نے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا تھاجس کیلئے انٹر نیشنل کوچز یاسر اسلام اور ضیاء الرحمان بنوری کی قیادت میں پہلے مرحلے میں ایک ماہ کا تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں کھلاڑیوں کو نئے انٹر نیشنل رولز اور جدید ہاکی ٹیکنیکس سے آگاہ کیاگیا ۔

جس کے بعد ان میں سے چارٹیمیں تشکیل دی گئی جن کا آپس میں لیگ سسٹم کے بنیاد پر میچز کرائے گئے جس میں پشاور ریڈ نے سینئر ٹیم جس میں سے زیادہ تر کھلاڑی انٹر نیشنل تھے کو شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن پشاور وائٹ کی ٹیم نے حاصل کی جنہوں نے پشاور بلیو کی ٹیم کو دو صفر سے ہرایا ، تقریب کے آخرمیں مہمان خصوصی نے تمام کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :