وزیراعظم نے امدادی پیکیج کا اعلان کر کے کسانوں کو ٹرخایا ،اس سے کسانوں کی بجائے جاگیرداروں کو فائدہ ہو گا، ملک میں سیاست اور جمہوریت مصنوعی آکسیجن پر زندہ ہیں، یہ تجارت کا روپ دھار چکی ہیں، ہر ادارے سے کرپشن کی بو آ رہی ہے، ملک بھر میں کرپشن کے خلاف بلاتفریق آپریشن کیا جائے ، مغرب کی جمہوریت منافقت پر مبنی ہے

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 15 ستمبر 2015 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے کسانوں کیلئے پیکج کا اعلان کر کے انہیں ٹرخایا ہے،کسان پیکج غریب کسانوں کے مطالبات سے ہٹ کر ہے،جس سے بڑے جاگیرداروں کو فائدہ ہو گا جبکہ غریب کسان کو کچھ نہیں ملے گا، دنیا بھر میں جمہوریت کا دن منایا جا رہا ہے مگر ہمارے ملک میں سیاست اور جمہوریت ابھی بھی مستحکم نہیں اور دونوں مصنوعی آکسیجن پر زندہ ہیں، پاکستان میں جمہوریت اور سیاست تجارت بن گئی ہوئی ہے،ملک کے ہر ادارے سے کرپشن کی بو آ رہی ہے، پورے ملک میں کرپشن کے خلاف سیاست سے بالاتر ہو کر بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔

وہ منگل کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف شریف نے کسانوں کیلئے پیکج کا اعلان کر کے انہیں ٹرخایا ہے، اعلان کردہ کسان پیکج سے بڑے جاگیرداروں کو فائدہ ہو گا جبکہ غریب کسان کو کچھ نہیں ملے گا، حکومت کو زرعی مصنوعات پر سیلز ٹیکس ختم کرنا چاہیے تھا اور کاشت کار کو سستی بجلی فراہم کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے جو کسان پیکج کااعلان کیا ہے وہ کسانوں کے مطالبات سے بالکل ہٹ کرہے حکومت کو کسانوں کی تنظیموں سے مشاورت کرنی چاہیے تھی۔ سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کسی صوبے یا شہر کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے جو کینسر سے زیادہ خطرناک ہے، پورے ملک میں کرپشن کے خلاف سیاست سے بالاتر ہو کر بلاتفریق آپریشن کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر موجود کرپٹ جرائم پیشہ عناصر کو اپنی پارٹی سے الگ کریں۔ سراج الحق نے کہا کہ آج دنیا بھر میں جمہوریت کا دن منایا جا رہا ہے مگر ہمارے ملک میں سیاست اور جمہوریت ابھی بھی مستحکم نہیں اور دونوں مصنوعی آکسیجن پر زندہ ہیں، پاکستان میں جمہوریت اور سیاست تجارت بن گئی ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت غریب کوٹکٹ دیتی ہے، بلکہ سیاست جاگیرداروں کا کھیل اور 18کروڑ عوام تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلئے صاف شفاف الیکشن ہونا چاہیے اور اس کیلئے ہمیں الیکشن کمیشن کا از سر نو جائزہ لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کے ہر ادارے سے کرپشن کی بو آ رہی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ پر تحقیقات ہونی چاہیے اور حقائق عوام کے سامنے پیش کئے جائیں۔ سراج الحق نے کہا کہ مغرب سمیت دنیا بھر میں جمہوریت ڈے منایا جا رہا ہے مگر حقیقت میں مغرب کی جمہوریت منافقت پر مبنی ہے