ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی،نوویک جوکووچ اور سرینا ولیمز پہلی پوزیشن پر بدستور براجمان

بدھ 16 ستمبر 2015 12:02

ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی،نوویک جوکووچ اور سرینا ولیمز پہلی ..

پیرس ۔ 16 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تازہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربیا کے نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں امریکہ کی سرینا ولیمز بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ یو ایس اوپن چیمپئن فلاویا پینی ٹا 18 درجے لمبی چھلانگ لگا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئی، رنر اپ اٹالین سٹار روبرٹا وینسی بھی 5 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔

اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹے اے کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ورلڈ رینکنگ کے مطابق ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز بدستور پہلے نمبر پر ہیں، سیمونا ہالپ دوسرے، ماریاشرا پووا تیسرے، پیٹراکویٹوا چوتھے نمبر پر برقرار ہیں، لوسی سفارووا ایک درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئیں، کیرولین وزنائیکی تنزلی کے بعد پانچویں سے چھٹے نمبر پر آ گئیں، اینا ایوانووچ ساتویں نمبر پر موجود ہیں، اٹالین سٹار فلاویا پینی ٹا یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے بعد 18 درجے ترقی پا کر 8 ویں نمبر پر پہنچ گئیں، گربائن نویں نمبر پر برقرار جبکہ کیرولینا دو درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر آ گئیں۔

(جاری ہے)

ویمنز ڈبلز انفرادی رینکنگ میں بھارت کی ثانیہ مرزا پہلے نمبر پر براجمان ہیں، مارٹینا ہنگس دوسرے اور بیتھانی میٹک سینڈز تیسرے نمبر پر برقرار ہیں، دوسری جانب مینز سنگلز میں جوکووچ پہلے، راجر فیڈرر دوسرے اور اینڈی مرے تیسرے نمبر پر موجود ہیں، واورینکا اور برڈچ ایک، ایک درجہ بہتری پا کر چوتھے اور پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، نیشکوری دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے سے چھٹے نمبر پر آ گئے، رافیل نڈال ایک درجہ بہتری پا کر آٹھویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔ میلوس راؤنک، جائلز سیمن اور رچرڈ گیسکوئٹ ایک، ایک اور کیون اینڈرسن کی دو درجے ترقی ہوئی ہے۔