ایشین بریڈ مین پاک بھارت کرکٹ سیریز کرانے کیلئے کوشاں

بدھ 16 ستمبر 2015 12:16

ایشین بریڈ مین پاک بھارت کرکٹ سیریز کرانے کیلئے کوشاں

حیدر آباد دکن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) صدرآئی سی سی ظہیر عباس پاک بھارت کرکٹ میں ’پل‘ کا کردار ادا کرنے کیلیے کوشاں ہیں، انھوں نے روایتی حریفوں کے درمیان سیریز کیلیے موجودہ وقت کو مناسب ترین قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس ان دنوں دورئہ بھارت کے دوران حیدرآباد دکن میں موجود ہیں، انھیں وہاں مقامی اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے مدعو کیا ہے۔

ظہیر عباس پاک بھارت سیریز کو یقینی بنانے کیلیے کوشاں ہیں،انھوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا چاہتی ہے کہ دونوں ممالک آپس میں کھیلیں، مجھے امید ہے وہ وقت جلد ہی آئے گا جب ہم کرکٹ کھیلنا شروع کردیں گے، اس بات میں کوئی بھی شک نہیں کہ پوری دنیا روایتی حریفوں کے درمیان سیریز کی شیدائی ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم کھیلنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے یہی وقت مناسب ترین ہے، آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن بھی کہہ چکے ہیں کہ ایشز کے بعد لوگ پاک بھارت مقابلے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

ظہیر عباس نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس سلسلے میں بھارتی کرکٹ بورڈ سے بھی بات کریں گے تو انھوں نے کہاکہ اگر وہاں پر کوئی ایسا ہوا جس سے میں مل کراپنا پیغام پہنچا سکوں تو ضرورایساکروں گا۔

متعلقہ عنوان :