دو دن میں دو باکسرز زندگی کی بازی ہار گئے

جمعرات 17 ستمبر 2015 15:53

دو دن میں دو باکسرز زندگی کی بازی ہار گئے

فریرے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار17ستمبر ۔2015ء ) باکسنگ کی دنیا میں دو دن میں دو باکسرز فائٹ کے دوران ناک آؤٹ ہونے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد آسٹریلین میڈیکل ایسوسی ایشن نے باکسنگ پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے باکسر موانیلے کومپولو فریرے میں ہونے والی فائٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہو گئے ۔

سفاناتھی کمپی کے پنچ کے بعد وہ رنگ میں گر گئے اور ہسپتال منتقل کرنے پر ان کے کوما میں جانے کی تشخیص ہوئی جس کے بعد وہ دوبارہ ہوش میں نہ آ سکے اور زندگی کی بازی ہار گئے ۔ اس سے قبل منگل کو 28 سالہ آسٹریلین باکسر ڈیوے براؤن جونیئر چار دن تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے تھے ۔ اس سے پہلے گزشتہ جمعے کو ریجنل سطح کی ٹائٹل فائٹ میں ڈیوے کا مقابلہ فلپائن کے کارلو مگالی سے تھا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

وہ 12 راؤنڈ پر مشتمل فائٹ کے آخری راؤنڈ کے اختتام سے 30 سیکنڈ قبل ناک آؤٹ ہو گئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ چار دن تک ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد منگل کو دم توڑ گئے ۔ آسٹریلین میڈیکل ایسوسی ایشن نے ڈیوے کی موت کے بعد باکسنگ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ چھ ماہ قبل کوئنز لینڈ سے تعلق رکھنے والے باکسر بریڈن اسمتھ ناک آؤٹ ہونے کے بعد دم توڑ گئے تھے ۔