نئے کھلاڑیوں پر مشتمل انگلش ٹیم پاکستان سے 2012ء سیریز کی وائٹ واش شکست کا بدلہ لے سکتی ہے، گلیسپی

جمعہ 18 ستمبر 2015 11:16

نئے کھلاڑیوں پر مشتمل انگلش ٹیم پاکستان سے 2012ء سیریز کی وائٹ واش شکست ..

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء)آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باوٴلرجیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ نئے چہروں پر مشتمل انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف 2012 کی وائٹ واش شکست سے مختلف نتیجہ دیتے ہوئے پاکستان کو شکست سے دوچار کر سکتی ہے، انگلینڈ نے بیرون ملک کھیلنے کے لیے صحیح ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔برطانوی اخبار گارجین کیلئے لکھے گئے اپنے مضمون میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کا سامنا کرنا مشکل کام ہے لیکن میرے خیال میں دورے کیلئے منتخب انگلینڈ کے اسکواڈ کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ اس دفعہ3-0 کی وائٹ واش شکست نہیں دہرائی جائے گی۔

'میں بیرون ملک جیت کے امکان کو کسی صورت رد نہیں کروں گا۔'گلیسپی کا کہنا تھا کہ الیسٹر کک کی قیادت میں دورہ کرنے والی ٹیم تین سال قبل والی ٹیم سے نسبتاً کم تجربہ کارہے لیکن ٹیم میں کچھ ایسے بیٹسمین ہیں جو اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں اور مجموعی طور پر مضبوط ٹیم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معین علی کی اوپننگ میں الیسٹرکک کے ساتھ جوڑی بننے سے ٹیم میں چار فاسٹ بولروں کے ساتھ ایک اضافی اسپنر کی گنجائش ہوگی اور اس بات کا میں مخالف نہں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ کوئی اسٹروک کھیلنے والا بیٹسمین یہاں ناکام ہوگا اور بائیں ہاتھ سے کھیلنے والا یہ بلے باز ثابت کرچکا ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھا سکتا ہے۔'گلیسپی نے سری لنکا کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز مہیلا جے وردنے کو ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہا۔