فضائی آلودگی سے 2050 تک سالانہ 66 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں،سائنسدانوں کا انتباہ

جمعہ 18 ستمبر 2015 12:53

فضائی آلودگی سے 2050 تک سالانہ 66 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں،سائنسدانوں ..

واشنگٹن ۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ فضائی آلودگی سے 2050 تک سالانہ 66 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔ سائنسی جریدے نیچر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فضائی آلودگی سے اس وقت دنیا بھر میں سالانہ 33 لاکھ افراد ہلاک ہو رہے ہیں اور ان میں سے اکثر اموات ایشیا میں ہو رہی ہیں جہاں کھانا پکانے یا گھروں کو گرم رکھنے کے دوران ہونے والے توانائی کے اخراج کا بہت زیادہ اثر ہے۔

(جاری ہے)

فضائی آلودگی سے ہونے والی اموات میں دل کے امراض، فالج اور پھیپھڑوں کے دائمی امراض کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔رپورٹ کے مطابق بیرونی فضائی آلودگی کے صحت پر اثرات اور ان سے ہونے والی اموات کا عالمی سطح پر اندازہ لگانا آسان کام نہیں کیونکہ ہر علاقے میں ہوا کے معیار کی نگرانی نہیں کی جاتی اور ذرات کا زہریلا پن اپنے منبع کے لحاظ سے ہر جگہ مختلف ہوتا ہے۔ اس تحقیق کے لیے دنیا بھر میں فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والے صحت کے مسائل اور اموات کا اندازہ لگانے کے لیے ایک ماڈل تیار کیا گیا جس میں آبادی اور صحت سے متعلق اعداد و شمار استعمال کیے گئے۔