ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ

جمعہ 18 ستمبر 2015 22:57

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ

کراچی ۔ 18 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کار جحان دیکھا گیا اور 10گرام سونا 39 ہزار روپے سے تجاوز کرگیا۔ جمعہ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں19 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونے کی قیمت 1135 ڈالر پر جاپہنچی جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہوگیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں550روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 45 ہزار 300 روپے سے بڑھ کر 45 ہزار 850 روپے ہوگئی اسی طرح 472 روپے کے اضافے سے 10 گرام سونے کی قیمت39 ہزار 300 روپے پر جا پہنچی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت 640 روپے کی سطح پر بدستور برقرار رہی۔