گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنے والی شوگرملوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی‘ 9ملز سیل

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کسانوں کو واجبات نہ دینے والی 9شوگرملوں کو بذریعہ ڈی سی اوز تحویل میں لے لیا گیا چشتیہ شوگرملز‘ عبداﷲ شوگرملز‘ عبداﷲ-iiشوگرملز ‘ حسیب وقاص شوگرملز اور کالونی شوگرملز2014ء کی نادہندہ ہیں شکرگنجi-اور شکرگنجii- شوگرملز‘ حسین شوگرملز‘ اور برادر شوگرملز کو رواں سیزن میں نادہندگی پر ڈی سی اوز نے تحویل میں لے لیا شوگرفیکٹریز کنٹرول ایکٹ اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت نادہندہ ملز کا سٹاف یا مل کو نیلام کر کے واجبات ادا کئے جائیں گے نادہندہ شوگرملوں کی طرف سے حکم امتناعی کے خلاف محکمہ خوراک اور ایڈووکیٹ جنرل بھرپور قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں حکومت وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گنے کے کاشتکاروں کو باقی ماندہ واجبات کی ادائیگی کرائے گی‘ ترجمان حکومت پنجاب

ہفتہ 19 ستمبر 2015 22:01

گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنے والی شوگرملوں کے خلاف سخت قانونی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 ستمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر کسانوں کو ادائیگی نہ کرنے والی شوگرملوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کرنے پر 9شوگر ملوں کو بذریعہ ڈی سی اوز تحویل میں لے لیا گیا تاکہ سٹاک یا مل کو نیلام کر کے کسانوں کے واجبات کی ادائیگی کی جا سکے۔

حکومت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ کے تحت تمام شوگر ملیں گنے کی خریداری کے 15دن کے اندر ادائیگی کرنے کی پابند ہیں۔ سال 2014ء کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے کین کمشنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی سی اوز کے ذریعے کاشتکاروں کے واجبات کو لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت واجبات سرکار قرار دے کر4شوگر ملوں کو بند کر کے تحویل میں لے لیا اور نیلامی کا عمل شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں چشتیہ شوگر ملز سرگودھا‘ عبداﷲ شوگرملز اوکاڑہ‘ عبداﷲ ii شوگر ملز سرگودھا‘ حسیب وقاص شوگرملز ننکانہ صاحب اور کالونی شوگرملز خانیوال شامل ہیں۔ قبل ازیں کالونی شوگرملز خانیوال کی 5کروڑ روپے کی چینی نیلام کر کے کاشتکاروں کو ان کے گنے کی ادائیگی کی گئی۔ 2015ء کے واجبات کی ادائیگی کے لئے 4شوگر ملوں کو متعلقہ ڈی سی اوزکے ذریعے تحویل میں لیا گیا ہے تاکہ شوگر فیکٹریز کنٹرول ایکٹ کی شق نمبر16(2) اور لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت سٹاک یا مل کو نیلام کر کے واجبات کی ادائیگی کی جا سکے۔

ان میں شکرگنجi- شوگرملز جھنگ‘ شگرگنجii-شوگرملز جھنگ‘ حسین شوگرملز فیصل آباد اور برادر شوگرملز قصور شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ کرشنگ سیزن2014ء کے کل واجبات 143ارب روپے تھے جن میں سے99.9فیصد ادائیگی ہو چکی ہے۔ بقایا کے لئے قانونی کارروائی جاری ہے۔ جبکہ کرشنگ سیزن 2015ء کے کل واجبات 134 ارب روپے میں سے 131 ارب روپے ادا کئے جا چکے ہیں۔

بقایا 3ارب روپے واجبات کی ادائیگی کے لئے حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کے مفاد میں شوگرملوں کے خلاف سخت اقدامات کئے ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سال رواں کے کرشنگ سیزن کی نادہندہ شوگرملوں نے کین کمشنر پنجاب کے احکامات کے خلاف حکم امتناعی حاصل کئے۔ تاہم محکمہ خوراک نے بھرپور قانونی چارہ جوئی کی اور مذکورہ مقدمات میں ایڈووکیٹ جنرل خود پیش ہو رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو ان کا حق دلایا جا سکے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی کے لئے نادہندہ ملز کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کے عزم پر عمل پیرا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حکومت پنجاب گنے کے کاشتکاروں کو واجبات کی ادائیگی کے لئے تمام تر قانونی اقدامات بروئے کار لائے گی۔