زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ یکدم سے نہیں لیا ،جب سامنے کوئی راستہ نہیں تھا تو انتہائی دکھی دل کے ساتھ فیصلے پر مجبور ہوا ‘ حاجی محمد شریف

کسی کے جانے سے فرق نہ پڑنے کی باتیں کرنیوالے پیپلز پارٹی کا عروج ،کارکنوں کو نظر انداز کرنے کے بعد آج اس کا زوال دیکھ لیں ہمارا جانا بارش کا پہلا قطرہ ،بہت سے رہنماء ، کارکن قیادت اور اسکے قریب لوگوں کے رویے پر جلد پارٹی کو خیر باد کہنے والے ہیں‘ آجاسم شریف

اتوار 20 ستمبر 2015 16:45

زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ یکدم سے نہیں لیا ،جب سامنے کوئی راستہ نہیں تھا ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 ستمبر۔2015ء) 35سال کی رفاقت کے بعد (ن) لیگ کو خیر باد کہہ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے حاجی محمد شریف نے کہا ہے کہ زندگی کا اتنا بڑا فیصلہ یکدم سے نہیں لیا بلکہ جب اس نہج پر پہنچا دیا گیا کہ میرے سامنے کوئی راستہ نہیں تھا تو انتہائی دکھی دل کے ساتھ اس فیصلے پر مجبور ہوا جبکہ انکے صاحبزادے آجاسم شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ آج یہ کہہ رہے ہیں ہمارے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا انہیں پیپلز پارٹی کا عروج اور کارکنوں کو نظر انداز کرنے کے بعد آج پیپلز پارٹی کے زوال کو نہیں بھولنا چاہیے ۔

(ن) لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے بزرگ سیاسی رہنما حاجی محمد شریف نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت کو یہ ضرور سوچنا چاہیے کہ اتنی طویل رفاقت کے بعد ایک کارکن اتنا بڑا فیصلہ کرنے پر کیوں مجبور ہوا لیکن شاید ان کے پاس تو اس کے لئے وقت ہی نہ ہو ۔

(جاری ہے)

آج (ن) لیگ کے دیرینہ کارکنوں کو مشاورت میں شامل کرنے کی بجائے بالا بالا فیصلے کئے جارہے ہیں ۔

میں نے انتہائی دکھی دل کے ساتھ اتنا بڑا فیصلہ کیا ۔ آجاسم شریف نے کہا کہ اگر ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کو خیر باد کہنا ہوتا تو ڈھائی سال پہلے یہ فیصلہ کر چکے ہوتے ۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت بتائے کیا اس کے پاس کوئی لیگی نہیں تھے کہ جرائم پیشہ لوگوں کو بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا برے وقت میں ساتھ نہیں چھوڑا بلکہ جب ان پر اچھا وقت ہے تو ہم فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ کارکن کوئی گاجر مولی نہیں کہ انہیں کوئی اہمیت نہ دی جائے ، کارکنوں کی وجہ سے پارٹیاں ہوتی ہیں۔ آج جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا وہ پیپلز پارٹی کا عروج اور کارکنوں کو نظر انداز کرنے کے بعد آج اس کا زوال بھی دیکھ لیں ۔ ہمارا جانا بارش کا پہلا قطرہ ہے دیگر بہت سے رہنما اور کارکن قیادت اور اس کے قریب لوگوں کے رویے سے نالا ں ہیں اور وہ جلد پارٹی کو خیر باد کہنے والے ہیں۔

متعلقہ عنوان :