مولانا طاہر اشرفی کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں بر آمد ہونے کا دعوی

نجی ٹی وی چینل نے معافی مانگ لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 ستمبر 2015 13:50

مولانا طاہر اشرفی کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں بر آمد ہونے کا دعوی

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 ستمبر 2015 ء): نجی ٹی وی چینل ”نیونیوز“ نے گذشتہ رات علامہ طاہر اشرفی کی گاڑی سے شراب وغیرہ کی بوتلیں برآمد ہو نے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے طاہر اشرفی کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیاتاہم ایک سینئر اینکر پرسن کی مداخلت پر مقدمہ درج کیے بغیر رہاکردیا۔اس خبرکے نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر کھلبلی مچ گئی اور طرح طرح کے تبصر ے شروع ہوگئے لیکن مولاناطاہراشرفی کی وضاحت کے بعد صورتحال یکسرتبدیل ہوگئی ہے۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک ٹوئیٹ میں مولاناطاہراشرفی نے بتایاکہ ”وہ گذشتہ چار دن سے مکہ میں موجود ہیں، انہوں نے کہا ”حرم مکہ میں ہوں، یہی ان کے لیے کافی ہے اوراس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔

(جاری ہے)

“ اُن کاکہناتھاکہ ’اللہ کی قسم، تم اس سے زیادہ بھی الزام تراشی کروتو ختم نبوت کو بیان کرتے رہیں گے۔دوسری جانب پاکستان علماء کونسل نے بتایا کہ مولان طاہر اشرفی سے متعلق جھوٹی خبر نشر کرنے پر چینل انتظامیہ کی جانب سے معافی مانگ لی گئی ہے اور متعلقہ ذمہ داران کوفوری طورپر فارغ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے، کونسل کا کہنا تھا کہ کسی بھی رہ نما کی کردار کشی کی مہم قابل افسوس ہے، جھوٹی خبر پر متعلقہ چینل کے خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں جبکہ کونسل نے پیمرا سے فوری ایکشن کا مطالبہ بھی کیا.