سلمان ، عامر ، آصف عالمی کرکٹ میں واپسی کے مستحق نہیں ، سپر لیگ میں شرکت کے خطرناک نتائج بر آمد ہونگے ، رمیز راجہ

بدھ 23 ستمبر 2015 12:46

سلمان ، عامر ، آصف عالمی کرکٹ میں واپسی کے مستحق نہیں ، سپر لیگ میں شرکت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے سفیر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سپاٹ فلسنگ میں ملوث سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف عالمی کرکٹ میں واپسی کے مستحق نہیں اور ان کی پی ایس ایل میں شرکت کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ایک انٹرویو میں رمیز راجہ نے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تینوں کھلاڑیوں کو کسی بھی سطح پر بالکل نہیں کھلانا چاہیے۔

انھوں نے جو کارنامہ انجام دیا ہے وہ پاکستان کے اتنا خراب ہے کہ ان کی کرکٹ کی اصطلاح میں بھی معافی نہیں ۔رمیز راجہ نے کہا کہ یہ تینوں کھلاڑی این سی اے میں دندناتے پھر رہے ہیں، این سی اے نیا ٹیلنٹ پیدا کرنے اور رول ماڈل بنانے کیلئے بنائی گئی تھی، ان سے خصوصی برتاوٴ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح تو وہاں ٹریننگ کرنے والا کوئی 19 سال کا بچہ یہی سوچے گا کہ میں بھی جرم کر کے آوٴں گا تو میری بھی فائیو اسٹار این سی اے جیسے ادارے میں واہ واہ ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ تینوں کھلاڑی دوبارہ عالمی کرکٹ کھیلنے کے مستحق نہیں، اگر پاکستان کرکٹ بورڈ انہیں پی ایس ایل میں کھلانے کا فیصلہ کرتا ہے تو اس سے لیگ متنازع ہو جائے گی اور اس کے لیگ پر انتہائی خراب نتائج مرتب ہوں گے۔پاکستان کرکٹ کی پہلی باقاعدہ ٹی ٹوئنٹی لیگ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات یا قطر میں ہو گا جس میں دنیا بھر کے ٹی20 اسٹارز شرکت کریں گے۔

رمیز راجہ نے لیگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ کی ساکھ ہی اسے اوپر لے جائے گی، لیگ کے کامیاب انعقاد کیلئے کرکٹ کے پہلوؤں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں سے پیشہ ورانہ انداز میں معاملات طے کرنے کی ضرورت ہے ۔انھوں نے کہا کہ سب سے بڑ اچیلنج ساکھ کا ہے اور غلط چیزوں کو روکنے کے لیے ہم زیادہ سے زیادہ موجودہ کھلاڑیوں کو شامل کریں کیونکہ انھیں دوسری لیگ اور اپنے ملک کے لیے بھی کھیلنا ہوتا ہے، اس سے میچ فکسنگ کے امکانات بھی کم ہوں گے کیونکہ ان کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے ۔

انھوں نے کہا کہ کھلاڑی تفریح کو پسند کرتے ہیں اور ان ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو چوکے چھکے مارنے اور انٹرٹینمنٹ کی عادت ہے ‘یہ چاہیں گے ان کے لیے ایک ایسا سٹیج بنایاجائے جہاں یہ لطف اندوز ہوں۔سابق کپتان نے کہاکہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے ابھی دلچسپی نہیں دکھائی، وہ پی ایس ایل ہی نہیں بلکہ دنیا کی کسی بھی لیگ میں نہیں کھیلتے اور اس کی وجہ شاید یہ ہو کہ وہ نہیں چاہتے ہوں کہ ان کھلاڑیوں کی وجہ سے جو ٹی وی رائٹس اور اشتہارات ملتے ہیں، اس کا فائدہ کوئی اور ملک اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :