لاہور ہائیکورٹ میں قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت منظور

بدھ 23 ستمبر 2015 13:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 ستمبر۔2015ء) لاہورہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کاحکم دیدیا۔پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیاء کو نیب پنجاب نے 8اگست کو گرفتار کیا تھا، نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ قاسم ضیاء نے نجی کمپنی کے ساتھ ملکر شہریوں کے ساتھ ساڑھے 8 کروڑ روپے کا فراڈ کیا تھا۔

قاسم ضیاء نے منافع کا لالچ دیکر شہریوں سے رقم حاصل کی لیکن بعد میں شہریوں کی اصل رقم بھی واپس نہیں کی۔

(جاری ہے)

قاسم ضیاء نے دوران تفتیش فراڈ کی رقم رضا کاروانہ طور پر واپس کرنے کے لیے نیب کو درخواست دیدی۔قاسم ضیاء نے درخواست میں کہا کہ وہ واجب الادا رقم واپس کرنے کے لیے تیار ہیں۔ نیب نے قاسم ضیاء کو 2 کروڑ 20 لاکھ روپے ادا کرنے کا کہا جسے قاسم ضیاء نے منطور کر لیا۔

دوران سماعت نیب کے وکیل نے بتایا کہ ملزم قاسم ضیاء نے فراڈ کی رقم رضا کارانہ طورپر واپس کرنے کے لیے درخواست جمع کروائی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ابھی معاملہ کی مزید انکوائری ہو رہی ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ نے ضمانت منظورکرتے ہوئے قاسم ضیاء کوایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے عوض رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔