ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد فراڈ کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا ء کو رہا کردیا گیا

مجھے ایسے کیس میں پھنسایا گیا جس میں کوئی شکایت کنندہ ہی نہیں تھا ‘ کیمپ جیل سے رہائی کے بعد قاسم ضیاء کی میڈیا سے گفتگو اشتہار دیکر لوگوں کو شکایت کنندہ بننے کے لیے کہا جا رہا ہے ، قاسم ضیا کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے‘ قاسم ضیا کے وکیل کی گفتگو

بدھ 23 ستمبر 2015 18:37

ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد فراڈ کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 ستمبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد فراڈ کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا ء کو کیمپ جیل سے رہا کردیا گیا ۔ لاہور ہائی کورٹ کی جج عائشہ ملک نے قاسم ضیا کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کی جانب سے درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی تاہم عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض بینک فراڈ کیس میں گرفتار قاسم ضیا کی ضمانت منظور کر لی ۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا کو کیمپ جیل لاہور سے رہا کردیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قاسم ضیاء نے کہا کہ مجھے ایسے کیس میں پھنسایا گیا جس میں کوئی شکایت کنندہ ہی نہیں تھا ۔ قاسم ضیا کے وکیل نے کہا کہ اشتہار دے کر لوگوں کو شکایت کنندہ بننے کے لیے کہا جا رہا ہے ، قاسم ضیا کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیا کو نیب پنجاب نے 8اگست کو نجی کمپنی کے ساتھ مل کر فراڈ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا ۔