یونس خان کا دعوت نامہ غلط پتے پر چلا گیا تھا ، پی سی بی کا اعتراف

جمعرات 24 ستمبر 2015 11:58

یونس خان کا دعوت نامہ غلط پتے پر چلا گیا تھا ، پی سی بی کا اعتراف

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 ستمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یونس خان کے لیے پاکستان سپر لیگ (پی سی بی) کی تقریب رونمائی کا دعوت نامہ کراچی کے بجائے مردان کے گھر بھجوادیا تھا جس کے باعث مایہ ناز بلے باز تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ دعوت نامہ نہ ملنے کے بعد یونس خان نے میڈیا کے سامنے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر پی سی بی نے تجربہ کار بلے باز کے خلاف تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا تھاتاہم میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک بورڈ آفیشل سے گلے شکوے کے بعد یونس خان معاملہ ختم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے یونس خان کو دعوت نامہ بھجوانے کے معاملے کی چھان بین کی جس کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ دعوت نامہ کراچی کے بجائے ان کے مردان والے پتے پر بھجوایا گیا۔بعدازاں اعلیٰ پی سی بی آفیشل نے یونس خان کو فون کرکے معاملے کے حوالے سے آگاہ کیا جس کے بعد معاملات طے پاگئے۔یونس خان نے ون ڈے ٹیم سے ڈراپ ہونے اور پاکستان سپر لیگ کی تقریب میں عدم شرکت کے بعد بورڈ حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔یونس خان نے کہا تھا کہ اگر میں منتخب نہ ہوا تو ون ڈے ٹیم کھڑی نہیں ہوسکے گی۔