پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن کو29رنز سے ہرا دیا

بدھ 30 ستمبر 2015 13:29

پہلا ٹی ٹونٹی ، پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن کو29رنز سے ہرا دیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30ستمبر ۔2015ء ) دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمن نے بنگلہ دیش ویمن کو29 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ کراچی کے ساؤتھ لینڈ کلب کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے ،قومی ویمن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور اوپنر مرینہ اقبال پہلے ہی اوور میں 1رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئیں تاہم جویریہ خان اور بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 87رنز جوڑے ، جویریہ خان 44رنز بنا کر ناہیدہ اختر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوئیں ،ندا ڈار اور ارم جاوید بھی محض 4،4رنز بنا سکیں تاہم بسمہ معروف نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی ، پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں پر 124رنز بنائے ، بسمہ معروف نے 65رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی ۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر نے 2جبکہ جہاں آرا عالم اور فہیمہ خاتون نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 125رنزکے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ویمن نے تیزآغاز کیا تاہم وقفے وقفے سے گرتی وکٹوں نے مہمان ٹیم کے جیت کے جانب سفر کی امیدیں ختم کر دیں اور پوری ٹیم 20اوورز میں 7وکٹوں پر محض 95رنز بنا سکی ۔بنگلہ دیش ویمن کی جانب سے فرگانہ حق اور عائشہ رحمن 23، 23جبکہ رومانہ احمد 22رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں ۔

پاکستان ویمن کی جانب سے انعم امین نے 2جبکہ سمیہ صدیقی ،ثناء میر ، بسمہ معروف ،ندا ڈا ر اور عالیہ ریاض نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ بسمہ معروف کو آل راؤنڈ کاکردگی کا مظاہرہ کر نے پر میچ کی بہترین خاتون کھلاڑی قرار دیا گیا ۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کل اسی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔