جان شیر خان اسکواش کو اولمپکس کا حصہ نہ بنانے پر سخت برہم

جمعرات 1 اکتوبر 2015 12:22

جان شیر خان اسکواش کو اولمپکس کا حصہ نہ بنانے پر سخت برہم

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اکتوبر۔2015ء) سابق اسٹار جان شیر خان اسکواش کو اولمپکس کا حصہ نہ بنانے پر سخت برہم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے مقبول ترین کھیل کو ٹوکیو گیمز سے دور رکھ کر ناانصافی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان شیر خان نے کہا کہ اسکواش اب کسی ایک خطے کا کھیل نہیں رہا، اسے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، ہر نوجوان کی خواہش ہے کہ وہ اس مشکل گیم میں حصہ لے، گورننگ باڈی اور آئی او سی نے اسکواش کو ٹوکیو اولمپکس2020 کا حصہ نہ بنا کر کھیل اور اس کے چاہنے والوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کھیل کی شمولیت کے لیے تمام کام مکمل کرلیا گیا اور سب کو یقین تھا کہ وہ جاپان میں اسکواش پلیئرزکو ایکشن میں دیکھیں گے لیکن انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔یادرہے کہ ورلڈ فیڈریشن کے صدر نارائن راماچندرن نے گذشتہ دنوں افسردگی کے ساتھ کہا تھا کہ اسکواش کو ٹوکیو اولمپکس میں نئے شامل ہونے والے گیمز کی دوڑ سے باہر کردیا گیا، یہ کھیل کے لیے انتہائی افسوسناک دن ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے دنیا بھر میں کھیلے جانے والے کھیل کو ملٹی اسپورٹس ایونٹ کا حصہ بنانے کیلیے بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔