محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی ، صفائی ستھرائی ،روشنی کے انتظامات کیے جائیں ،ڈپٹی کمشنر خیرپور

جمعرات 1 اکتوبر 2015 18:26

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اکتوبر۔2015ء) ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی ، صفائی ستھرائی ،روشنی کے انتظامات اور ماتمی جلوسوں کے گزر گاہوں اور امام بارگاہوں کے اطراف میں تمام تر بنیادی انتظامات چاند رات سے قبل مکمل کرلیے جائیں گے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ ، نساسک، میونسپل اور دیگر متعلقہ محکمے اپنا کام بھرپور ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں گے جس کے لیے تمام افسران اور عملے کو ہدایات جاری کردی گئیں ہیں جہاں بھی ضرورت پڑے گی وہاں فوری طور پر کام کو مکمل کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمپ آفس میں محرم الحرام کے سلسلے میں طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شیعہ رابطہ کونسل کے مرکزی رہنما چودھری سید ساجد حسین زیدی،ایڈوکیٹ سید امتیاز شاہ، امداد خمیسانی ایڈوکیٹ ، سید جمن شاہ، محمد علی چانڈیو، سید شکیل شاہ کے علاوہ نساسک کے ایم ڈی سید محمود شاہ ، سی ایم او مشتاق جمانی ،روینیو، نساسک، میونسپل اور دیگر انتظامی افسران نے تعداد میں شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے گزر گاہوں میں نکاسی آب کی نالیوں پر کراس، صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور پینے کے پانی سپلائی کے علاوہ تمام تر ترقیاتی کام چاند رات تک مکمل کرلیے جائیں گے خیرپور شہر میں پینے کے پانی کے بارے میں شیعہ رابطہ کونسل کے مرکزی رہنما چودھری سید ساجد حسین زیدی نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے اوقات کار میں اضافہ کیا جائے اور پانی کے پریشر کو بھی تیز کیا جائے اجلاس میں ایڈوکیٹ سید امتیاز شاہ، امداد خمیسانی ایڈوکیٹ، سید جمن شاہ اور دیگر نے اپنے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان پر فوری عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر خیرپور منور علی مٹھانی نے یقین دہانی کراتے ہوئے جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیااور کہا کہ تمام کام کے لیے مانیٹرنگ کمیٹی کی وہ خود نگرانی کریں گے۔

متعلقہ عنوان :