آسٹریلیا نجانے کیوں اپنی سکیورٹی کے حوالے سے ’’حد سے زیادہ حساس ‘‘ ہے:شہریار خان

جمعہ 2 اکتوبر 2015 11:45

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار2 اکتوبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے آسٹریلیا کے دورہ بنگلہ دیش کو ملتوی کرنے کے اعلان پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ کینگروز نجانے کیوں اپنی سکیورٹی کے حوالے سے ’’حد سے زیادہ حساس ‘‘ ہوتے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں شہریار خان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں ایک اطالوی چیریٹی ورکر کا قتل ہوا اور آسٹریلیا نے دورہ ملتوی کردیا جب کہ پاکستان بھی گزشتہ 12سالوں میں 50000شہریوں کی قربانی دے چکا ہے ۔

(جاری ہے)

شہریار خان کے مطابق خطے میں دہشت گردی کے باعث ہر وقت ایک دھڑکا سا لگا تو رہے گا لیکن اب وقت آگیا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو ایشیائی ممالک پر بھروسہ کرنا ہوگا کیوں وہ ہمیشہ انہیں وی وی آئی پی سکیورٹی کی یقین دہانی کراتے ہیں لیکن یہ دونوں ممالک سکیورٹی کا بہانہ بنا کر ہمیشہ یہاں آنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی حکومت نے آسٹریلیا کو 100فی صد سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے باوجود کینگروز نے دورہ ملتوی کردیا جو کسی لحاظ سے اچھا نہیں ہے۔