پاکستان ٹیسٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے ، انگلینڈ کیخلاف سخت مقابلے کیلئے تیار ہیں، مصباح الحق

سیریز کیلئے بہترین تیاری کی ہے،متحدہ عرب امارت کی کنڈیشن میں ایشز سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کوکمزور سمجھنا بڑی غلطی ہوگی ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا،انگلینڈ کیخلاف سیریز کیرئیر کی آخری سیریز ہو سکتی ہے،سعید اجمل کے نہ ہونے سے فرق پڑے گا،سری لنکا کیخلاف یاسر شاہ، ذوالفقار بابر نے زبردست پرفارمنس دی ہے،قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی لاہور میں پریس کانفرنس

جمعہ 2 اکتوبر 2015 18:09

پاکستان ٹیسٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے ، انگلینڈ کیخلاف سخت مقابلے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم ہے، انگلینڈ کیخلاف سخت مقابلے کیلئے تیار ہیں،سیریز کیلئے بہترین تیاری کی ہے،ریٹائرمنٹ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا،متحدہ عرب امارت کی کنڈیشن میں ایشز سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کوکمزور سمجھنا بڑی غلطی ہوگی،انگلینڈ کیخلاف سیریز کیرئیر کی آخری سیریز ہو سکتی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہپاکستان کو متحدہ عرب امارات کی کنڈیشن کا باخوبی پتہ ہے ہم کافی عر صے سے وہاں اپنی ہوم سیریز کھیل رہے ہیں،مگر انگلش ٹیم کو متحدہ عرب امارت کی کنڈیشن مشکلا ت پیش کر یں گی جس کا ہم بھر پور فائدہ اٹھائیں گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2012 میں انگلش ٹیم کو وائٹ واش کرنے پر ہم کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہوں گے۔

اظہرعلی، اسدشفیق اور یونس خان کے ساتھ ہماری بیٹنگ بہت مضبوط ہے۔فاسٹ اور اسپن دونوں طرز کے بہترین بولرز بھی ٹیم میں موجود ہیں اس لئے ہم عمدہ پرفارمنس کیلئے پراعتماد ہیں تاہم ایشز سیریز کی فاتح انگلش ٹیم کوکمزور سمجھنا بڑی غلطی ہوگی۔انگلینڈ ٹیم اچھا کھیلتی آرہی ہے،دنیا کی ٹاپ ٹیم کیخلاف اپنی کارکردگی پر توجہ دیں گے،ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی تبھی جیتنے کی توقع کی جاسکتی ہے جس کیلئے ہمیں اپنی بنیادی چیزیں درست کرنی ہونگی۔

ریٹائرمنٹ کے حوالے سے ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ 41 سال ہو گیا ہوں جلد یا بدیر ریٹائرہونا ہی ہے، بھارت کے خلاف کھیل کر رخصت ہونا چاہتا تھا تاہم پاک،بھارت سیریز کا امکان نظر نہیں آتااس لئے اگلے دو ماہ بیحد اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یواے ای میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد ریٹائر ہوسکتے ہیں اور وہ اپنے کیریئر کو انگلینڈ کے جوابی دورے تک توسیع دینے پر بھی غور کررہے ہیں۔

یہ بہت مشکل فیصلہ ہے جس کا انحصار کئی امور پر ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگر ان کا کرکٹ کے جوش وجذبہ برقرار رہا اور کارکردگی میں کمی نہ ہوئی تو وہ اپنے کیریئر کو انگلینڈ کے دورے تک توسیع دیں گے تاہم ٹیم پر بوجھ بن کر نہیں رہیں گے۔ سعید اجمل کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سپنرز کی ٹیسٹ میں پرفارمنس ہمیشہ اچھی رہی ہے، سعید اجمل کے نہ ہونے سے فرق پڑے گا۔یاسر شاہ، ذوالفقار بابر نے زبردست پرفارمنس دی۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان یواے ای میں3 ٹیسٹ،4 ون ڈے اور3ٹی 20 میچوں کی سیریزکھیلی جائے گی جو 13 اکتوبر سے 30 نومبر تک جاری رہے گی۔ `