بھارت نے سیریز کیلئے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو ہرجانے کا مطالبہ کرینگے ٗ، شہریار خان

جمعہ 2 اکتوبر 2015 21:35

بھارت نے سیریز کیلئے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو ہرجانے کا مطالبہ کرینگے ..

کلکتہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 اکتوبر۔2015ء) پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہر یار خان نے دوطرفہ سیریز کے معاملے پر بھارتی بورڈ کے ہاتھوں یرغمال بننے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سیریز کیلئے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو ہم ہرجانے کا مطالبہ کریں گے۔ ایک انٹرویومیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان سے سیریز منسوخ کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نہیں مانتا کہ بھارتی بورڈ ہمیں یرغمال بنا رہا ہے تاہم اگر بھارت اپنے دستخط کردہ معاہدے کی یادداشت کی پاسداری نہیں کرتا تو ہم اس بھرپور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ یہ ردعمل کس طرز کا ہو سکتا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جگموہن ڈالمیا کے انتقال کی تعزیت کیلئے کولکتہ میں موجود شہریار خان نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اگر بی سی سی آئی معاہدے سے مکرتا ہے تو پاکستان ہرجانے کا مطالبہ کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں مالی اور دیگر بنیادوں پر نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، سیریز ایک معاہدہ ہے اور اگر یہ نہیں ہوتی تو ہرجانے کا مطالبہ کرنے میں ہرج نہیں۔

ادھر دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے دبئی میں ہونے والی آئی سی سی کانفرنس کے موقع پر اس مسئلے کو حل کر لیں گے۔انوراگ ٹھاکر نے کہا کہا تھا تاہم حتمی فیصلے کا اختیار ہندوستانی حکومت کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ حکومتی رضامندی تک انتظار کرنے کی ان کی درخواست مناسب ہے کیونکہ معاہدہ پر دستخط اور منظوری سابقہ حکومت میں ہوئی۔

شہریار خان نے باور کرایا کہ ابھی تک بی سی سی آئی میں سے کسی نے دورہ منسوخ نہیں کیا تاہم ساتھ ساتھ ان کا بھی کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دسمبر میں سیریز کے انعقاد کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔وقت بہت کم رہ گیا ہے لہٰذا بی سی سی آئی جلد از جلد اس مسئلے پر واضح جواب دے۔تاہم بھارت کی جانب سے معاہدے کی لاج نہ رکھنے پر شہریار نے کہا کہ ہم کسی مالی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے اور دوسرے بہتر آپشنز پر غور کریں گے کیونکہ گزشتہ آٹھ سال سے بھی ہندوستان سے اپنے ہوم گراؤنڈ کھیلے بغیر جی رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :