سانحہ منیٰ میں پاکستانی شہداء کی تعداد 60 ہو گئی، 26 کی سعودی عرب میں تدفین کر دی گئی

گورنر مکہ نے شہید ہونے والے تمام حجاج کرام کو سعودی عرب کے قبرستانوں میں ہی سپرد خاک کرنے کی تجویز دے دی

اتوار 4 اکتوبر 2015 12:04

سانحہ منیٰ میں پاکستانی شہداء کی تعداد 60 ہو گئی، 26 کی سعودی عرب میں ..

اسلام آباد/مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 اکتوبر۔2015ء) سانحہ منیٰ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد ساٹھ ہو گئی، چھبیس کی سعودی عرب میں تدفین کردی گئی جبکہ نوے لاپتہ ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ منیٰ کو دس روز ہو گئے لیکن آس اور امید کے دئیے آج بھی روشن ہیں۔ جن کے پیاروں کے شہید ہونے کی تصدیق اور شناخت ہوئی ان کے بے قرار دل کو تو صبر آ گیا لیکن جن کے پیارے اب بھی لاپتہ ہیں، وہ کرب اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

مکہ، جدہ اور طائف کے ہسپتالوں میں شہید حجاج کرام کی میتیں رکھی گئی ہیں جہاں روزانہ سیکڑوں افراد شناخت کے لئے ہیں۔ لواحقین ہسپتالوں کے استقبالیہ پر فہرستوں کا جائزہ لیتے ہیں اور سرد خانوں میں جھانکتے ہیں کہ کہیں ان کا اپنا تو اس سانحہ کی نذر نہیں ہوا۔دوسری جانب سانحے میں بچ جانے والے حجا ج کرام کا کہنا ہے کہ انہوں نے حادثے کے مقام پر کئی شہید پاکستانیوں کو دیکھا۔ حکام کو اس کی بروقت اطلاع بھی دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ادھر گورنر مکہ خالد الفیصل نے شہید ہونے والے تمام حجاج کرام کو سعودی عرب کے قبرستانوں میں ہی سپرد خاک کرنے کی تجویز دے دی۔