گلوکار مسعود رانا کی دسویں برسی منائی گئی

پیر 5 اکتوبر 2015 14:15

گلوکار مسعود رانا کی دسویں برسی منائی گئی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 اکتوبر۔2015ء) پاکستان فلم انڈسٹری میں پلے بیک سنگنگ پر تین عشروں تک حکمرانی کرنے والے مقبول ترین گلوکار مسعود رانا کو اس دنیا سے گزرے 10 سال بیت گئے۔ حیدر آباد ریڈیو سے گلوکاری کا آغاز کرنے والے مسعود رانا کو پاکستان کا محمد رفیع بھی کہا جاتا تھا۔انیس سو اڑتیس کو میر پور خاص میں پیدا ہونے والے مسعود رانا نے پلے بیک سنگنگ کا آغاز تو فلم انقلاب سے کیا مگر اْن کی دوسری فلم بنجارن نے مسعود رانا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں کمال مہارت کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگانے والے مسعود رانا کو سب سے زیادہ فلموں میں سب سے زیادہ گیت گانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ برصغیر کے معروف گلوکار محمد رفیع جیسا انداز اور اونچے سروں پر مکمل گرفت نے مسعود رانا کو فلموں کے ٹائٹل اور تھیم سونگز کی اہم ضرورت بنا دیا۔ 1964 میں ریلیز ہونے والی فلم ڈاچی کے گیتوں نے مسعود رانا کو پنجابی فلموں کا تاحیات ناقابل شکست گلوکار بنادیا۔فلمی گیتوں کے علاوہ مسعود رانا نے کئی ملی نغمات کو بھی اپنی آواز دے کر امر کردیا۔ مسعود رانا اپنے لاکھوں چاہنے والوں سے 1995ء میں ہمیشہ کے لیے بچھڑ گئے لیکن ان کی یادوں کے چراغ شائقینِ موسیقی کے دلوں میں ہمیشہ روشن رہیں گے۔