ساتویں نیشنل بینک آف پاکستان رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کل سے کراچی میں شروع ہوگی

منگل 6 اکتوبر 2015 12:31

ساتویں نیشنل بینک آف پاکستان رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کل سے کراچی میں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء)ساتویں نیشنل بینک آف پاکستان رینکنگ سنوکر چیمپئن شپ کل بدھ سے 13 اکتوبر تک بینک سپورٹس کمپلیکس، کراچی میں کھیلی جائے گی۔ محمد سجاد ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن (پی بی ایس ایف) کے صدر عالم گیر شیخ کے مطابق یہ سال کا دوسرا ایونٹ ہے جس میں ملک بھر سے ٹاپ 31 کیوئسٹس ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے اور انہیں آٹھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پاکستان کے نمبر ایک کیوئسٹ حمزہ اکبر کی غیرموجودگی کے باعث شہرام چنگیری کو ایونٹ کا ٹاپ سیڈ مقرر کیا گیا محمد سجاد ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے دو بہترین کھلاڑی رواں برس مصر میں شیڈول آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کے اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ٹاپ سیڈ شہرام چنگیزی گروپ اے، محمد آصف گروپ بی، محمد سجاد گروپ سی، بابر مسیح گروپ ڈی، محمد عمران گروپ ای، آکاش رفیق گروپ ایف، خرم آغا گروپ جی اور محمد آصف طوبہ کو گروپ ایچ میں رکھا گیا ہے۔

چیمپئن شپ کیلئے ایک لاکھ 74 ہزار روپے کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، فاتح کیوئسٹ کو 60 اور رنر اپ کو 35 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔منتظمین کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں -