جام صادق پُل پر ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت ممنوع قرار دی جائے، زاہد سعید

کورنگی صنعتی علاقے کے لیے آنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹس فراہم کیے جائیں، صدر کاٹی

منگل 6 اکتوبر 2015 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر زاہد سعید نے مطالبہ کیا ہے کہ جام صادق پُل پر ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت ممنوع قرار دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جام صادق پل پر ہونے والے تعمیر نو اور مرمت کے کام کی وجہ سے شہریوں کو پہلے ہی شدید دشواری اور کوفت کا سامنا کرنا پڑا ہے، پہلے بھی یہ پُل ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت کے باعث خستہ حالی کا شکار ہوا تھا اب طویل انتظار کے بعد جب اس کی مرمت تکمیلی مراحل میں ہے اگر اسے دوبارہ بھاری گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا تو خدشہ ہے جلد اس کی حالت دوبارہ پہلے جیسی ہی ہوجائے گی۔

انھوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے کے لیے آنے والی ہیوی ٹریفک کو متبادل روٹس فراہم کیے جائیں اور جام صادق پُل کی مرمت کے بعد کورنگی صنعتی علاقے کو شہر سے ملانے والے دیگر راستوں کی دیکھ بھال پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

زاہد سعید نے کہا کہ صنعتوں کے فروغ کے لیے انفرااسٹرکچر میں بہتری اولین شرط ہے، اور انفرااسٹرکچر میں سڑکوں اور ذرائع رسل و رسائل کو بنیادی اہمیت حاصل ہے انھوں نے مطالبہ کیا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت شہر کے تمام صنعتی علاقوں کو درپیش انفرااسٹرکچر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں کاٹی کے صدر زاہد سعید کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور بد انتظامی کے تدارک کے لیے شہر میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے مقررہ اوقات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔

متعلقہ عنوان :