سانحہ منیٰ کے بعد 34پاسکتانی تاحال لاپتہ ہیں ‘ اپنے پیاروں کی میتیں پاکستان لانے والے لواحقین سے مدد کرینگے ‘ سردار یوسف

بدھ 7 اکتوبر 2015 16:52

سانحہ منیٰ کے بعد 34پاسکتانی تاحال لاپتہ ہیں ‘ اپنے پیاروں کی میتیں ..

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ کے بعد 34 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے‘ جو پاکستانی سعودی عرب سے اپنے پیاروں کی میتیں لانا چاہتے ہیں ان کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ سانحہ منیٰ کے بعد سے اب تک ہمارے لوگ اور حج مشن حکام کام پر لگے ہوئے ہیں اور حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ابھی تک ایک پاکستانی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بھانجے اسد گیلانی کی میت پاکستان پہنچائی گئی ہے۔ جو پاکستانی سعودی عرب سے اپنے پیاروں کی میتیں لانا چاہتے ہیں ان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سردار یوسف نے کہاکہ زیادہ تر شہدا کے ورثا نے اپنے پیاروں کی سعودی عرب میں ہی تدفین کا کہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ سعودی حکام سے کہا ہے کہ کسی پاکستانی شہری کی تدفین ہماری اجازت کے بغیر نہ کی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ کرین حادثے میں گیارہ پاکستانی شہید اور 23 زخمی ہوئے تھے۔ کرین حادثے کے متاثرہ افراد کو معاوضوں کی ادائیگی میں پیشرفت نہیں ہوئی۔ سردار یوسف کے مطابق کرین اور منیٰ حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔