رواں سال شعیب ملک کی کرکٹ، ثانیہ مرزا کی ٹینس میں کارکردگی بہترین رہی

بدھ 7 اکتوبر 2015 17:44

رواں سال شعیب ملک کی کرکٹ، ثانیہ مرزا کی ٹینس میں کارکردگی بہترین رہی

لاہور ۔07 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کی کرکٹ میں اور ان کی بھارتی ٹینس سٹار اہلیہ ثانیہ مرزا کی ٹینس کے میدان میں رواں سال کارکردگی بہترین رہی ۔ ڈومیسٹک کرکٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مسلسل بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے پانچ سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے والے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 2015ء میں ہونے والے 11 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 500 رنز بنائے جبکہ ان کی باؤلنگ میں بھی اچھی کارکردگی رہی ہے۔

انہوں نے اب تک پاکستان کی طرف سے 32 ٹیسٹ میچز کی 54 اننگز میں 33.45 کی اوسط سے 1606رنز بنائے ہیں جس میں دو سنچریاں اور 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا ایک اننگ میں زیادہ سے زیادہ 148 سکور ناٹ آؤٹ ہے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے 227 ون ڈے میچز کی 204 اننگز میں 34.62 کی اوسط سے 5990 رنز بنائے ہیں جس میں 8 سنچریاں اور 34 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 65 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی 61 اننگز میں 22.91 کی اوسط سے 1077 رنز بنائے ہیں جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

شعیب ملک کو زمبابوے کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ شعیب ملک نے آخری دفعہ انگلینڈ کے خلاف ہی 2010ء میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔33 سالہ شعیب ملک یکم فروری 1982ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اورآف بریک کرتے ہیں۔ دوسری طرف ان کی بھارتی نژاد اہلیہ ثانیہ مرزا بھی ٹینس کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور وہ سیزن میں سات ٹینس ٹائٹلز جیت چکی ہیں جن میں یو ایس اوپن ڈبل ٹینس ٹورنامنٹ اور گوینزھو انٹرنیشنل ویمن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی شامل ہے۔

شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی ثانیہ مرزا کی ٹینس میں اچھی کارکردگی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :