مولوی نے ذاتی سڑک بنا نے کیلئے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے قبروں کے اوپر دیوار تعمیر کر دی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 12:18

مولوی نے ذاتی سڑک بنا نے کیلئے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے قبروں ..

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اووروں کو نصیحت خود میاں فصیحت۔مولوی نے ذاتی سڑک بنا نے کے لئے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے قبروں کے اوپر دیوار تعمیر کر دی ۔ مسجد کی دوکان کو ذاتی گیراج بنا لیا ۔ علاقے کی معزز شخصیت ذوالفقار خان شواہد لیکر میڈیا کے پاس پہنچ گئے۔ ملزمان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ ۔ موضع ڈگار ناڑ کے سکونتی ذوالفقار خان نے کوٹلی میں میڈیا کو روداد سناتے ہوئے بتایا کے علاقے کے سکونتی مولوی محمد یعقوب نے چند دیگر افراد کی مدد سے اپنے گھر کی طرف جانے والے تین فٹ راستے کو کشادہ کرکے سڑک بنانے کے لئے قبرستان کی اراضی پر قبضہ کر لیا ہے ۔

راستے کی ایک جانب ایک شخص کی ملکیتی اراضی ہے ۔ جب کے دوسری جانب قبرستان ہے ۔ اراضی کے مالک نے انھیں اپنی زمین میں سڑک بنانے کی اجازت نہ دی ۔

(جاری ہے)

جب انھوں نے دیکھا کہ شہر خاموشاں کی جانب سے کوئی مزاحمت کر نے والا نہیں تو انھوں نے قبرستان کی پتھروں سے بنی قدیمی دیوار مسمار کر کے قبرستان کے اندر چوڑائی میں چھ فٹ اور لمبائی میں تقریبا50 فٹ تجاوز کرتے ہوئے دیوار تعمیر کر دی ۔

نوتوڑ کئے جانے والے رقبے میں جہاں کہیں قبریں آئیں وہاں قبروں کے اوپر دیوار تعمیر کر دی گئی ۔ قبرستان میں تجاوز اور قبروں پر دیوار بنا کر سڑک مسجد تک پہنچائی گئی ۔ وہاں سے آگے گھر تک سڑک پھر بھی نہ پہنچ سکی تو انھوں نے مسجد کی دوکان کو ذاتی گیراج بنا لیا ۔ذوالفقار خان نے بتایا کہ قبرستان کی بے حرمتی اور زمین پر قبضے کی وجہ سے علاقے کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔

انھوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر ، چیف سیکریٹری ، کمشنر میرپور ڈویژن اورڈپٹی کمشنر کوٹلی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور محکمہ مال کی ٹیم اور پولیس علاقے میں بھیج کر انکوائیری کروائیں ۔ قبروں پر تعمیر کی گئی دیوار مسمار کر کے قبروں کا تقدس بحال کیا جائے ۔ زیر قبضہ رقبہ واگزار کروایا جائے ۔ اور قبرستان کی بے حرمتی کر نے والوں کے خلاف سخت تر کاروائی کی جائے ۔