یونس خان کامیاب ترین ملکی ٹیسٹ بلے باز بننے پر منفرد انداز میں جشن منانے کیلئے تیار

جمعرات 8 اکتوبر 2015 15:11

یونس خان کامیاب ترین ملکی ٹیسٹ بلے باز بننے پر منفرد انداز میں جشن منانے ..

ابوظہبی(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار8اکتوبر۔2015ء ) پاکستان اور انگلینڈ 13 اکتوبر سے پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گے لیکن اس ٹیسٹ میچ کی سب سے خاص بات یونس خان ہیں جو پاکستان کے کامیاب ترین بلے باز بننے سے محض 19 رنز کے فاصلے پر ہیں اور ممکنہ طور پر اس ٹیسٹ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے ۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں جاوید میانداد 8832 رنز بنا کر پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں تاہم یونس خان اب تک 8814 رنز بنا چکے ہیں اور انہیں یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے اب محض 19 رنز درکار ہیں جسے ممکنہ طور پر وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں حاصل کر لیں گے ۔

انگلینڈ سے سیریز کیلئے متحدہ عرب امارات روانگی سے ایک دن قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ وہ جاوید میانداد کے ریکارڈ کے انتہائی قریب پہنچنے پر بہت پرجوش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تھا کہ کہ جاوید بھائی کی تقلید کرنا ان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، ان کے خیال میں وہ ہمیشہ عظیم ترین بلے باز رہیں گے اور ان سے زیادہ رنز کرنے کے باوجود بھی وہ کسی طرح ان سے عظیم کھلاڑی نہیں بن سکیں گے ۔

یونس خان اس یادگار موقع کو منفرد انداز میں جشن منانے کا بھی سوچ رہے ہیں ۔ تجربہ کار بلے باز 19 واں رن مکمل ہوتے ہی بلا اٹھانے کے ساتھ ساتھ گرائونڈ میں موجود کسی بچے کو اپنے بیٹنگ گلوز دینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کے منفرد انداز میں اپنے کیریئر کے سب سے بڑے کارنامے کا جشن منائیں ۔ یونس کے اس کارنامے کو یادگار بنانے کیلئے ان کے پروموٹرز نے ایک خصوصی مگ بھی تیار کیا ہے جس پر انہوں نے خود دستخط کیے ہیں ۔ سابق کپتان یونس خان اس سنگ میل کے قریب ہونے کے باعث توقع ہے کہ عظیم بلے باز جایود میانداد بھی گرائونڈ میں انہیں داد دینے آئیں اور اعزاز کے حصول پر مبارکباد دیں ۔