پاکستان سے سیریز ایشز سے زیادہ مشکل ہوگی ، انگلینڈ اسسٹنٹ کوچ

جمعرات 8 اکتوبر 2015 16:20

پاکستان سے سیریز ایشز سے زیادہ مشکل ہوگی ، انگلینڈ اسسٹنٹ کوچ

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)انگلینڈ کے اسسٹنٹ کوچ پال فربریس نے پاکستان سے رواں ماہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز کو ایشز سے مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم 2012 میں ہونے والی 3-0 کی کلین سوئپ شکست کی ناخوشگوار یادوں کو بھلا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل ہم یہ بات جانتے تھے کہ یہ ایک انتہائی مشکل سیریز ہو گی، میں نے ایشز سیریز کے اختتام پر کہا تھا کہ یہ ہمارے لیے ایشز سے انتہائی مشکل سیریز ثابت ہو گی۔

اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ ہماری ٹیم میں سینئر کھلاڑی ہیں جو یہاں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں اور گزشتہ سیریز 3-0 سے ہارنے کے باوجود ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ اس سیریز کو آسانی سے جیت سکتے ہیں۔یاد رہے کہ 2012 میں تین سال قبل متحدہ عرب امارات میں ہی کھیلی گئی سیریز میں پاکستان نے اس وقت کی عالمی نمبر ایک انگلینڈ کے خلاف 3-0 سے کلین سوئپ کیا تھا۔

(جاری ہے)

فربریس نے پاکستان اے ٹیم کے خلاف اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی انتہائی جلدی یو اے ای کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو گئے ہیں اور خصوصاً باوٴلنگ سے کارکردگی انتہائی شاندار تھی۔تاہم انگلش کوچ نے پریکٹس میچ میں کھلاڑیوں کی جانب سے کیچز چھوڑنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس پر فوراً توجہ دیتے ہوئے اس خامی کو دور کرنا ہو گا، ہمیں تمام 20 مواقعوں سے فائدہ اٹھانا ہو گا کیونکہ اسی کی بدولت ہم نے ایشز میں کامیابی حاصل کی تھی۔