آسٹریلوی آل راونڈر شین واٹسن بھی پی ایس ایل کھیلنے پر رضامند ہوگئے

پیر 12 اکتوبر 2015 23:13

آسٹریلوی آل راونڈر شین واٹسن بھی پی ایس ایل کھیلنے پر رضامند ہوگئے

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار12اکتوبر۔2015ء ) نامور آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ بن گئے ہیں جس کے ساتھ ہی وہ لیگ کا حصہ بننے والے 152ویں غیر ملکی کھلاڑی ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000 سے زائد رنز بنانے والے واٹسن نے ڈرافٹ کے عمل کا حصہ بننے کیلئے پی ایس ایل سے معاہدہ کر لیا ہے ، کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل رواں سال دسمبر میں شروع ہو گا جس میں دنیا کے بہترین ٹی ٹونٹی کھلاڑی شرکت کریں گے ۔

اس موقع پر شین واٹسن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے افتتاحی ایڈیشن میں شرکت کیلئے بہت پرجوش ہیں ، یہاں بڑی تعداد میں ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہوں گے لہٰذا وہ اس کا حصہ بننے کیلئے مزید انتظار نہیں کر سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی ایس ایل کے گورننگ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم پی ایس ایل میں واٹسن کی شمولیت پر بہت خوش ہیں اور ان کے ٹونٹی ٹونٹی ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے انہیں امید ہے کہ وہ یقیناً ڈرافٹ کے عمل میں سب سے زیادہ مطلوب کھلاڑی ہوں گے ۔

شین واٹسن کی جانب سے لیگ میں شمولیت کی حامی بھرنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد 152 ہو گئی ہے۔ یہ کھلاڑی آئی سی سی کے آٹھ فل ممبرز اور پانچ ایسوسی ایٹ ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد آئندہ سال فروری میں متحدہ عرب امارات میں ہو گا جس میں کرس گیل، کیرن پولارڈ، کیون پیٹرسن سمیت دنیا کے بڑے بڑے ٹی ٹونٹی سٹارز جلوہ گر ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :