میری زندگی پر بنائی گئی فلم ضرور فلاپ ہو گی‘ امیتابھ بچن

منگل 13 اکتوبر 2015 11:20

میری زندگی پر بنائی گئی فلم ضرور فلاپ ہو گی‘ امیتابھ بچن
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء)بالی ووڈ کے بگ بی امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ اگر ان کی زندگی پر کوئی فلم بنائی گئی تو وہ ضرور فلاپ ہوگی۔بالی ووڈ اور ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھاتی پاکستانی سنیما انڈسٹری میں اس وقت مشہور شخصیات کی زندگیوں پر فلم بنانے کا رجحان ہے۔پاکستان میں حال ہی میں افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر فلم 'منٹو' ریلیز کی گئی جب کہ ہندوستان میں دسرت سنگھ منجھی کی زندگی پر فلم ’منجھی دی ماوٴنٹین مین‘ نے خوب پزیرائی حاصل کی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق امیتابھ بچن اپنی زندگی پر فلم میں بالکل دلچسپی نہیں رکھتے۔اپنی سالگراہ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیتابھ کا کہنا تھا کہ اگر ان کی زندگی پر کوئی فلم بنائی گئی تو وہ ضرور فلاپ ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

امیتابھ کے مطابق نہ تو انہیں ایسی کوئی فلم پسند آئے گی اور نہ ہی وہ اپنے کردار کے لیے کسی دوسرے اداکار کو منتخب کر سکتے ہیں۔مشہور شخصیات کی زندگی پر بنائی جانے والی فلموں کے حوالے سے امیتابھ کا کہنا تھا کہ وہ اس فہرست میں شامل نہیں ہیں تاہم اگر موقع ملا تو اپنے والد اور مشہور لکھاری ہری ونش رائے بچن کی زندگی پر فلم ضرور بنائیں گے۔امیتابھ بچن اس وقت بولی وڈ فلم ’وزیر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ فرحان اختر نظر آئیں گے۔