انڈر19ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے پاکستان اور بھارت کی حمایت حاصل ہوگئی ہے ، بنگلہ دیش

منگل 13 اکتوبر 2015 12:31

انڈر19ورلڈ کپ کی میزبانی کیلئے پاکستان اور بھارت کی حمایت حاصل ہوگئی ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نظام الدین چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ برس ڈھاکا میں شیڈول انڈر19ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اوربھارت نے بنگلہ دیش کی حمایت کی ہے۔بی سی بی آفیشل نے آئی سی سی اجلاس کے موقع پرمختلف ممالک کے کرکٹ بورڈ آفیشلز سے ملاقاتیں بھی کیں، اجلاس میں انڈر 19ورلڈ کپ کیلیے آئی سی سی کی جانب سے متبادل وینیو کا نام بھی تجویز کیے جانے کا امکان ہے، تاہم بنگلہ بورڈ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ابھی تک ہم شیڈول کے مطابق ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، تاہم متبادل وینیو کا اعلان بھی ہوسکتا ہے جو کہ عمومی بات ہے، جو اس طرح کے ایونٹ میں پیش بندی کے طور پر کیا جاتا ہے۔

آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ آئندہ برس 22 جنوری سے 12 فروری تک بنگلہ دیش میں شیڈول ہے، ایونٹ کی جائزہ میٹنگ نومبر میں ہوگی جس کے بعد ہی ضرورت محسوس کیے جانے پر ایونٹ کی منتقلی کا فیصلہ بھی ہوسکتا ہے، تاہم بی سی بی آفیشل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی پر ہمیں پاکستان اور بھارت کی مکمل تائید حاصل ہے، نظام الدین نے مزید کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے جلد بنگلہ دیش آنے کا وعدہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ پہلے دستیاب وقت میں بنگلہ دیش کا دورہ کریں گے، ہم اس کے لیے تاریخوں کا تعین کرنے کیلیے کام جاری رکھے ہوئے ہیں، سردست آئندہ برس اپریل میں جگہ خالی ہے، لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آسٹریلوی ٹیم اس وقت ڈھاکا آنے پر راضی ہوجائے گی۔