سانحہ منیٰ میں اب تک 99 پاکستانی حجاج شہید ہوئے 70 کو دفنادیاگیا، سردار یوسف

منگل 13 اکتوبر 2015 13:25

سانحہ منیٰ میں اب تک 99 پاکستانی حجاج شہید ہوئے 70 کو دفنادیاگیا، سردار ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) سانحہ منیٰ میں اب تک 99 پاکستانی حجاج شہید ہوئے ہیں جن میں 70 کو دفنایاگیا ہے جبکہ مزید 29شہداء کی شناخت کے بعد دفنایا جائے گا ۔ سانحہ منیٰ کے تمام شہداء سعودی حکومت کی تحویل میں ہیں اور وہ شناخت کے بعد شہداء کو دفناتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے سینٹ میں خطاب کے دوران کیا وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سانحہ منیٰ کے بعد میں وہاں پر رک گیا تھا تاکہ سانحہ میں شہید اور لاپتہ پاکستانیوں کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرسکوں انہوں نے بتایا کہ سانحہ منیٰ دس ذوالحج کو دس بجے کے قریب پیش آیا جس میں سینکڑوں حجاج شہید ہوئے ابتدائی معلومات کے مطابق پاکستان کے سو کے قریب حاجیوں کے شہید ہونے کی اطلاع ملی وہاں پر فوری طور پر حج معلومات کی فراہمی کیلئے ڈیسک بنایا گیا جس میں وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ ٹور آرگنائزیشن کے اہلکار شامل تھے انہوں نے بتایا کہ سانحہ منیٰ میں ابھی تک معلومات کے مطابق 99 مردوخواتین شہید ہوئے ہیں جن میں 70 افراد کو تصدیق کے بعد دفنایا گیا ہے جبکہ 29 شہداء کو شناخت کے بعد دفنایا جائے گا صرف دو حجاج کرام زخمی ہیں جبکہ اٹھارہ لاپتہ حاجیوں کی ابھی تک اطلاع نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حاجیوں کی شناخت اور لاپتہ حاجیوں کی معلومات کیلئے سعودی حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں مگر ابھی تک لاپتہ حاجیوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ بھی خدشات ہیں کہ بعض اقامہ ہولڈر پاکستانی حجاج واپس چلے گئے ہوں تاہم سعودی عرب کے علاقے مکہ مکرمہ اور عزیزیہ میں پاکستانی حج ڈائریکٹوریٹ مکمل طورپر فعال ہے اور پاکستانیوں کے بارے میں لمحہ لمحہ معلومات حاصل کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :