محمد عامر کی ایک بار پھر تباہ کن باوٴلنگ، انٹر ڈپارٹمنٹ کوالیفائنگ راوٴنڈ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی پی آئی اے ٹیم کے خلاف پوزیشن مستحکم

فاسٹ باوٴلر نے تباہ کن باوٴلنگ کرتے ہوئے 10.1 اوورز میں 34 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیتے ہوئے پی آئی اے کی ٹیم کو 140 رنز پر ٹھکانے لگا دیا

منگل 13 اکتوبر 2015 18:07

محمد عامر کی ایک بار پھر تباہ کن باوٴلنگ، انٹر ڈپارٹمنٹ کوالیفائنگ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء) محمد عامر کی ایک بار پھر تباہ کن باوٴلنگ کی بدولت انٹر ڈپارٹمنٹ کوالیفائنگ راوٴنڈ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کی پی آئی اے کے خلاف پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔اس وقت 27 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود سوئی سدرن کی ٹیم اگر فیصل آبادکے اقبال اسٹیڈیم میں جاری یہ میچ جیت جاتی ہے تو وہ ائد اعظم ٹرافی کیلئے کوالیفائی کر لے گی۔

سوئی سدرن نے 290 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو اپنی بقیہ دونوں وکٹیں صرف ایک رن کے اضافے پر گنوا بیٹھی۔تاہم دن کا کھیل محمد عامر کے نام رہا جو اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا کاٹنے کے بعد اب انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلئے پرتول رہے ہیں۔24 سالہ فاسٹ باوٴلر نے تباہ کن باوٴلنگ کرتے ہوئے 10.1 اوورز میں 34 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیتے ہوئے پی آئی اے کی ٹیم کو 140 رنز پر ٹھکانے لگا دیا اور صرف فیصل اقبال ایک ایسے بلے باز تھے جو عامر کی باوٴلنگ کا مقابلہ کر سکے جنہوں نے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگزکھیلی۔

(جاری ہے)

عامر اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار میچوں میں 9.53 کی اوسط سے 32 وکٹیں لے چکے ہیں۔جب چار روزہ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو سوئی سدرن نے دوسری اننگ میں چار وکٹ پر 148 رنز بنا کر اپنی مجموعی برتری 299 رنز کی کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے۔ `

متعلقہ عنوان :