چوہدری نثار سے 4,3 سال سے بول چال بند ہے،شہباز شریف سے 50سالہ پرانے تعلقات ہیں، ان سے کوئی ناراضگی نہیں،احسن اقبال سے کوئی اختلاف نہیں ، وہ میرے چھوٹے بھائی ہیں، وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 13 اکتوبر 2015 23:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ محمد آصف نے اعتراف کیا ہے کہ چوہدری نثار علی خان سے 4,3 سال سے بول چال بند ہے،شہباز شریف سے 50سالہ پرانے تعلقات ہیں، ان سے کوئی ناراضگی نہیں،احسن اقبال سے میرا کوئی اختلاف نہیں ، وہ میرے چھوٹے بھائی ہیں۔وہ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے میری 4,3 سال سے بول چال بند ہے مگر عوام کوپریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، اس سے ملکی مفاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا،عوام کو سکون کی نیند سونا چاہیے کیونکہ یہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے اس معاملے سے سیاسی زندگی میں کوئی مسائل پیدا نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بارے میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے میرے 50سالہ پرانے تعلقات ہیں، ان سے میری کوئی اور کسی بھی قسم کی ناراضگی نہیں ہے اوراگر ایسی کوئی بات ہو تو ہم ایک دوسرے سے بات چیت کر کے ناراضگی ختم کر لیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال سے میرا کوئی اختلاف نہیں بلکہ وہ تو میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔واضح رہے کہ کچھ دن پہلے ایک تقریب میں خواجہ محمد آصف نے وزارت ترقی و منصوبہ بندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھاکہ اگر شاہجہاں کے دور میں پلاننگ و منصوبہ بندی کمیشن ہوتا تو تاج محل کبھی نہ بنتا۔ جس پر جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اگر میرے اس بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں۔