جڑواں شہروں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں بگھیوں کا استعمال بڑھ گیا

بدھ 14 اکتوبر 2015 18:51

جڑواں شہروں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں بگھیوں کا استعمال بڑھ گیا

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اکتوبر۔2015ء) جڑواں شہروں میں شادی بیاہ کی تقریبات میں بگھیوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ خوبصورت سجی سجائی بگھیوں میں لوگ بڑی دلچسپی لے رہے ہیں اور دولہے بھی اس پر سواری کے شوقین ہوتے ہیں۔ اگرچہ برصغیر میں شادی بیاہ کے موقع پر گھوڑوں پر بارات لے جانے اور ڈولی میں دولہن لانے کی ایک قدیم تاریخ رہی ہے تاہم جدید دور میں یہ روایت بتدریج ختم ہوتی گئی اور ایک عرصہ سے شادی بیاہ پر نت نئی گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے اور غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ بھی شادی کے موقع پر کرائے پر سجی سجائی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں تاہم بگھیوں کا دوبارہ رواج فروغ پا رہا ہے جو مشرقی تاریخ کا ایک حصہ ہے۔

نوجوان نسل میں بگھیوں کا استعمال فروغ پا رہا ہے۔

(جاری ہے)

شادی کے لئے استعمال ہونے والی بگھیوں کو خوب اچھی طرح سجایا جاتا ہے اور اس کے ساتھ ہی گھوڑوں کی سجاوٹ کی جاتی ہے جو شہر کی سڑکوں پر اکثر نظر آتے ہیں۔ ایک شادی ہال کے مالک عادل شاہ نے کہا کہ اگرچہ ماضی کی یہ روایت ختم ہو رہی تھی تاہم اب لوگ گاڑیوں کی بجائے بگھیوں کے ذریعے بارات لے جانا پسند کرتے ہیں۔ ایک دلہن عائشہ خالد نے بھی شادی کے موقع پر بگھیوں کے استعمال کی تعریف کی اور کہا کہ شادی کے موقع پر خوبصورت مہنگی گاڑی میں سفر کرنے کی بجائے بگھی کے سفر کو پسند کیا جو ہماری مشرقی شاہانہ روایت کی عکاسی کرتی ہے۔