ٹانگیں کھینچنے والوں کو سمجھ نہیں آرہی، ہماری ترجیح وافر مقدار میں سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہےنواز شریف

جمعرات 15 اکتوبر 2015 14:43

ٹانگیں کھینچنے والوں کو سمجھ نہیں آرہی، ہماری ترجیح وافر مقدار میں ..

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ ٹانگیں کھینچنے کا باب بند ہوگیا ہے لیکن ایسے لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں تو حکومت کے ساتھ تعمیراتی کاموں میں حصہ لیں۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف نے دریائے پونچھ پر لگائے جانے والے 102 میگاواٹ کے گل پور پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

گل پور بجلی منصوبے کی کل لاگت 31 کروڑ ڈالر ہے جس سے سالانہ 47.5 کروڑ یونٹ سستی بجلی میسر آئے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پن بجلی کے شاندار منصوبے کے آغاز پر خوشی ہے، منصوبے پر 33 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور منصوبہ آئندہ 4 سال میں مکمل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 60 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے، ایل این جی سے 3 ہزار 600 میگاواٹ بجلی کے 3 منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جبکہ ہماری ترجیح وافر مقدار میں سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے کم کر کے 6 گھنٹے تک لے آئے ہیں جبکہ 2018 تک ملک سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے حالیہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میچور سیاستدان بننے کے لئے میچورٹی دکھانی ضروری ہے، انتخابات کا نتیجہ قوم کے سامنے ہے اور اب تمام سیاسی جماعتوں کو حقائق کو تسلیم کرنا چاہیے۔

ان کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان میں تعمیری سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کی، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا عزم کیے ہوئے ہیں اور اب قوم ترقی کا راستہ روکنے والوں کو آئینہ دکھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹانگیں کھینچنے کی سیاست کا باب بند کردیا لیکن کچھ لوگ نہیں سمجھ رہے اور مسلسل روڑے اٹکا رہے ہیں جنہیں تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے کی دعوت دیتا ہوں۔