63 کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد، جماعت الدعوہ‘ الاختر ٹرسٹ اور الرشید ٹرسٹ پر سے اٹھا لی گئی ہے،حکومت کا سپریم کورٹ میں انکشاف

سیو چلڈرن، یو ایس اے بہاولنگر سمیت 53 تنظیموں کو متنازعہ قرار دیا گیا ہے پنجاب میں مختلف مکاتب فکر کے کل 13782 مدارس ہیں، صوبائی حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ وفاق کو حل کرنے کی استدعا کی تھی ،جس پر قائم کردہ کمیٹی نے مدار س کا معاملہ تاحال روک رکھا ہے،حکومت نے این جی اوز مقدمے میں تفصیلی رپورٹ جمع کرادی

جمعرات 15 اکتوبر 2015 18:17

63 کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد، جماعت الدعوہ‘ الاختر ٹرسٹ اور الرشید ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) سپریم کورٹ میں این جی اوز کے مقدمے میں حکومت نے اپنی تفصیلی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ حکومت پنجاب نے مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ وفاقی حکومت کو حل کرنے کی استدعا کی تھی اور اس حوالے سے وفاقی حکومت نے کمیٹی بھی قائم کی تھی جس نے مدارس بارے معاملہ تاحال روک رکھا ہے۔ 63 کالعدم تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی ہے جن میں 3 جماعتوں جماعت الدعوہ‘ الاختر ٹرسٹ اور الرشید ٹرسٹ پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہے۔

سیو چلڈرن یو ایس اے بہاولنگر سمیت 53 تنظیموں کو متنازعہ قرار دیا گیا ہے۔ جمعرات کو جمع کروائی گئی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں مختلف مکاتب فکر کے کل 13782 مدارس ہیں۔ بریولی مکتب فکر کے کل 6606 مدارس میں سے 3656 رجسٹرڈ جبکہ 2950 مدارس نان رجسٹرڈ ہیں دیو بند مکتب فکر کے مدارس کی کل تعداد 6106 ہے جن میں 3014 نان رجسٹر جبکہ رجسٹر مدارس کی تعداد 3092 ہے۔

(جاری ہے)

اہل تشیع کے 230 مدارس میں سے 147 مدارس رجسٹرد ہیں جبکہ 83 نان رجسٹر مدارس ہیں اہل حدیث مدارس کی پنجاب میں کل تعداد 840 ہے جن میں سے 408 مدارس کی رجسٹریشن کرائی گئی ہے جبکہ غیر رجسٹرد مدارس کی تعداد 432 ہے۔ آن لائن کے پاس موجود تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں کل این جی اوز کی تعداد 7516 ہے۔ فعال این جی اوز کی تعداد 4207 ہے جبکہ غیر فعال تنظیموں کی تعداد 3309 ہے جبکہ 911 ایسی این جی اوز ہیں جن کو ڈونرز فنڈنگ پراجیکٹ کے تحت فنڈز مل رہے ہیں۔

پنجاب میں اب تک 36 مقدمات کے 58 ملزمان میں سے 51 ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو فنانشل کرائم‘ غیر قانونی رقوم کی منتقلی اور منی لانڈرنگ کے خلاف تحقیقات سونپی گئی ہیں۔ جبکہ 36 دیگر افسران کو تربیت دی جائے گی۔ ایف آئی اے نے ہنڈی اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے 9 مقدمات درج کئے ہیں۔ جن میں سے 8 مقدمات کے ملزمان سے 56.611 ملین روپے برآمد کئے گئے ہیں

متعلقہ عنوان :