کالاباغ ڈیم کا ایشو مردہ ہو چکا ہے،مگر بعض سیاستدان اس کا راگ الاپ کر بلدیاتی انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ،کسی کو بھی ا نتخابی عمل میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے

وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی کورنگی روڈ پر جام صادق پل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت

جمعرات 15 اکتوبر 2015 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کا ایشو مردہ ہو چکا ہے،مگر بعض سیاستدان اس کا راگ الاپ کر بلدیاتی انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ تین اسمبلیوں نے اسے مسترد کردیا ہے،وہ بدھ کو کورنگی روڈ پر جام صادق برج جس کا حصہ کے ایم سی نے دوبارہ سے تعمیر کیا ہے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی بحالی کی بات صرف سیاست چمکانے کی حد تک ہے۔

چند لوگ دوبارہ اس کو ایشو بنانا چاہتے ہیں، حالانکہ وہ جانتے ہیں تین صوبائی اسمبلیاں سندھ، بلوچستان اور کے پی کے اسے مسترد کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عناصر صرف ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران سیاسی ہمدردیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ صوبہ میں صاف و شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین گراس روٹ لیول پر پی پی پی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بلاجواز واویلا مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے تحت سرکاری افسران کے تقرری و تبادلوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ یہ اس لئے کیا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

مگر پی پی مخالف قوتیں اتحاد تشکیل دیکر غیر ضروری واویلا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں 13- سیاسی جماعتوں نے پی پی کے خلاف اتحاد بنایا تھا اور اس وقت بھی اسی طرح کا اتحاد تشکیل دیا گیا ہے، مگر پی پی کو اس کی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور ان کا سیاسی طور پر سامنا کریں گے۔ ڈی جی نیب کراچی کرنل(ر) سراج النعیم کے 22بلین روپے کی زمین کی غیر قانونی الاٹمینٹ سے متعلق الزامات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کا بیان کا مقصد سندھ حکومت کو بدنام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان جیسی شخصیت کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اس طرح کے مبالغہ آمیزبیانات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے زمینوں کی الاٹمنٹ پر پابندی عائد ہے اور صرف صنعتی اور رہائشی مقاصد کیلئے زمین الاٹ کی جا سکتی ہے،جس کیلئے طریقہ کارہماری حکومت کے آنے سے قبل نوٹیفائی کیا جا چکا ہے،سید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ صوبہ کی زمین کے کسٹوڈین بین اور وہ ایک انچ زمین بھی لینڈ گریبرس کو نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی الاٹ کردہ زمین کی پہلے ہی سے چھان بین ہو رہی ہے اور اس سے قوائد کے تحت نمٹایا جائیگا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے جام صادق برج کا افتتاح کیا جس کی 221.17ملین روپے سے ازسرنو تعمیر و مرمت کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبہ پر مارچ2015میں کام کا آغاز ہوا تھا اور اسے شیڈول کے مطابق آٹھ ماہ میں مکمل ہونا تھا مگر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی ذاتی کاوشوں کی بدولت اسے 7- ماہ میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے اور اس سے کورنگی کے صنعتی علاقے کی آبادی اور صنعتکار بھرپور طریقے سے مستفید ہوں گے۔